چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کور ہیڈ کوارٹرز پشاور کا دورہ

راولپنڈی(ویب ڈیسک،خبرایجنسی،فوٹو فائل)چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے جمعہ کو کور ہیڈ کوارٹرز پشاور کا دورہ کیا۔

اس موقع پر آرمی چیف کو موجودہ سکیورٹی صورتحال، نئے ضم ہونے والے اضلاع میں ترقیاتی کاموں اور پاک افغان سرحد پر باڑ لگانے کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف نے ملک سے دہشت گردی خاتمے تک اس لعنت کے خلاف لڑنے کے لیے پاک فوج کے عزم کا اعادہ کیا۔ آرمی چیف نے بہادر قبائلیوں، پاک فوج، ایف سی، لیویز، خاصہ دار اور پولیس کے افسروں اور جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور پاکستان میں مکمل امن واپس آئے گا۔
انہوں نے نئے انضمام شدہ اضلاع میں سماجی و اقتصادی ترقی کے منصوبوں کی تکمیل کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے پر سیکورٹی فورسز کی تعریف کی، جو علاقے کے پائیدار استحکام اور پائیدار ترقی کے لیے ضروری ہے۔ قبل ازیں کور ہیڈ کوارٹرز پہنچنے پر کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔