عمران نے مجھے 10 ماہ پہلے کہا تھا اسٹیبلشمنٹ سے رابطے میں نہیں پڑنا: شیخ رشیداحمد

لندن(ویب ڈیسک ،خبد ایجنسی) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا کہ مجھے عمران خان نے دس ماہ پہلے کہا تھا کہ اسٹیبلشمنٹ

سے رابطے میں نہیں پڑنا، میں نے ان سے کہا میں عمران خان کے ساتھ کھڑا ہوں،پھر کسی نے مجھے تنگ نہیں کیا،(ن)لیگ کی جو اجتماعی قبر بن رہی ہے اس میں نواز شریف قل پڑھائیں۔
لندن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ سے میرا 10 مہینوں سے کوئی رابطہ نہیں، میں سمجھتا ہوں رابطہ ہونا چاہیے لیکن ابھی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان گرفتار ہوئے تو ان کی تصویر الیکشن لڑے گی۔ نواز شریف کے پڑوس میں بیٹھ کر پریس کانفرنس کر رہا ہوں، وہ پاکستان واپس آجائیں، یہاں کیوں بیٹھے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سابق وزیرِ اعظم اپنے آپ کو سیاسی طور پر زندہ رکھنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں۔شیخ رشید کا کہنا ہے کہ پنجاب اور کے پی کے الیکشن پی ٹی آئی دو تہائی اکثریت سے جیتے گی، کراچی میں جس طرح الیکشن ہوئے ہیں۔ اس نے سارے الیکشنز کا ستیاناس کر دیا۔
سابق وفاقی وزیر شیخ رشید نے کہا کہ پاکستان میں تیسرا آدمی آٹے کی بوری لیتے ہوئے مر گیا۔ آئی ایم ایف کا قرضہ کھٹائی میں پڑ چکا ہے، ورلڈ بینک کا قرضہ بھی نہیں آیا، ہم یہ نہیں کہتے کہ ہمارے دور میں مہنگائی نہیں تھی، میں توچیختا تھا کہ یہ بھی مہنگائی ہے، کابینہ میں کوئی چینی مافیا کا چور بیٹھتا تھا۔ان کا کہنا ہے کہ لوگ ان کے ہاتھوں سے نکل رہے ہیں۔