ڈبلیو ایچ او کی درخواست پر پی آئی اے کا خصوصی طیارہ مزار شریف پہنچ گیا

مزارشریف (ویب ڈیسک)اقوام متحدہ کے عالمی ادارہ خوراک کی درخواست پر پی آئی اے کا خصوصی طیارہ مزار شریف پہنچ گیا۔ پی آئی

اے کے افغانستان میں جاری انسانی ہمدردی مشن پر طیارہ ضروری ادویات کی ترسیل کے لئے پہنچا۔ خوراک و ادویات پی آئی اے کے خصوصی بوئنگ 777 نے دبئی سے مزار شریف پہنچائیں۔ کارگو طیارہ کا مقصد افغانستان میں ادویات کی قلت کے سدباب کیلئے اقوام متحدہ کی ہر ممکن حد تک معاونت کرنا ہے۔ ادوایات کی کمی کے باعث افغان بھائی مشکلات کا شکار تھے۔
افغانستان میں نئی حکومت کے قیام کے بعد کابل کے علاوہ یہ پہلی بین الاقوامی کمرشل پرواز تھی۔ ذرائع کے مطابق مزار شریف میں پرواز کی لوڈنگ اور زمینی انتظامات کیلئے پی آئی اے کی آپریشنز ٹیم جہاز کے ساتھ روانہ ہوئی۔ ٹیم نے سی ای او پی آئی اے کے معاون خاص ائیروائس مارشل عامر حیات کی سربراہی میں سفر کیا اور زمین پر متعلقہ انتظامات سنبھالے۔ پی آئی اے کی پرواز کے اجازت نامے و دیگر معاملات کیلئے سیکرٹری خارجہ سہیل محمود کی ذاتی کاوشیں شامل ہیں۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان نے بھی اس آپریشن میں اہم کردار ادا کیا۔ سی ای او پی آئی اے ائیر مارشل ارشد ملک کی جانب سے کامیاب مشن مکمل کرنے پر ٹیم کو شاباش دی گئی اور سیکرٹری و وزیر خارجہ کا خصوصی شکریہ ادا کیا گیا ہے۔