ٹیکس نظام میں اصلاحات حکومت کی اولین ترجیح ہے؛ وزیر اعظم ، عمران خان

اسلام آباد (ویب ڈیسک ) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ٹیکس نظام میں اصلاحات حکومت کی اولین ترجیح ہے تاکہ اس نظام کو

منصفانہ اور شفاف بنایا جا سکے۔ وہ پیر کو یہاں ملک میں ٹیکس کے نظام میں اصلاحات کے حوالے سے اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔
وزیراعظم میڈیا آفس کے مطابق اجلاس میں ٹیکس نظام میں اصلاحات، نظام میں موجود خرابیوں کو دور کرنے، مراعات یافتہ طبقات کی جانب سے ٹیکس نظام کے غلط استعمال کو روکنے، ٹیکس کی چوری اور ٹیکس اہلکاروں کی بدعنوانیوں کے خاتمہ اور نظام میں شفافیت کو یقینی بنانے کے حوالہ سے مختلف تجاویز وزیرِاعظم کو پیش کی گئیں۔
وزیرِاعظم عمران خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منصفانہ اور شفاف ٹیکس نظام مو¿ثر طرز حکومت اور عوام کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے حوالے سے حکومتی استعداد کو بہتر بنانے میں کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں حکمران طبقہ نے جہاں اپنے مفادات کےلئے ملکی وسائل کا غلط استعمال کیا وہاں ٹیکس کے نظام میں وقتاً فوقتاً اس انداز میں تبدیلیاں اور ردوبدل کیا جاتا رہا ہے کہ ٹیکس کا سارا بوجھ عام عوام اور چھوٹے تاجروں و کاروباری برادری پر پڑتا رہا ہے جس سے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار اور خصوصاً عام آدمی متاثر ہوا ہے۔
وزیرِاعظم نے کہا کہ ٹیکس نظام میں اصلاحات حکومت کی اولین ترجیح ہے تاکہ اس نظام کو منصفانہ اور شفاف بنایا جا سکے۔ وزیرِاعظم نے ٹیکس نظام میں اصلاحات کے حوالہ سے پیش کی جانے والی تجاویز کا خیرمقدم کرتے ہوئے وزیر صنعت و پیداوار، مشیر خزانہ اور مشیر تجارت کو ہدایت کی کہ ان تجاویز کا تفصیلی جائزہ لیا جائے تاکہ قابل عمل تجاویز پر عملدرآمد کیا جا سکے۔
اجلاس میں وزیرِ اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز، مشیر تجارت عبدالرزاق داو¿د، مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، معاونین خصوصی لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ، ڈاکٹر شہباز گل، چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ، سابق وزیرِ خزانہ ڈاکٹر حفیظ پاشا، چیئرمین ایف بی آر و دیگر سینئر افسران نے شرکت کی