پی ڈی ایم ختم، فضل الرحمان کی سیاست کو بہت نقصان پہنچا ہے: وزیر داخلہ

کراچی ( ویب ڈیسک ،فوٹو فائل )وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی قیادت سمجھدار ہے، لیکن (ن)

لیگ کو فوج کے خلاف زبان استعمال کرنے پر قیمت ادا کرنی پڑے گی، پی ڈی ایم ختم ہو چکی ہے، مولانا فضل الرحمان کی سیاست کو بہت نقصان پہنچا ہے۔
کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ نیب، ایف آئی اے اور دیگر ادارے بہت اچھا کام کررہے ہیں، پھر بھی ایف آئی اے میں مزید بہتری کیلئے کوشاں ہیں، ملکی معیشت درست سمت میں گامزن ہے، پاکستان کی خارجہ پالیسی بہتر ہے، چین اور دیگر ممالک سے اچھے تعلقات ہیں، عمران خان کے لیے خیر دیکھ رہا ہوں، ان کے خلاف کوئی سازش کامیاب نہیں ہوگی، عمران خان 5 سال پورے کریں گے اور آئندہ الیکشن میں بھی ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔
شیخ رشید نے کہا کہ پی ڈی ایم ختم ہو چکی ہے، مولانا فضل الرحمان سے کہا تھا کہ بچوں کے ہاتھوں میں نہ کھیلیں آپ خراب ہوں گے، مولانا فضل الرحمان کی سیاست کو بہت نقصان پہنچا ہے، آصف زرداری تاش چھاتی کے ساتھ لگا کر کھیل رہے ہیں، پیپلز پارٹی کی قیادت سمجھدار ہے، لیکن (ن) لیگ کو فوج کے خلاف زبان استعمال کرنے پر قیمت ادا کرنی پڑے گی۔وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ عمران خان کیلئے اپوزیشن کوئی چیلنج نہیں ، صرف مہنگائی چیلنج ہے، اور وہ مہنگائی بھی کنٹرول کرلیں گے، رمضان پیکج کا اعلان جلد کردیا جائے گا۔