چالیس سال سے زائد عمر کے افراد کی ویکسی نیشن کا عمل شروع ہوگیا، فیصل سلطان

اسلام آباد ( ویب ڈیسک )وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل

سلطان نے کہا ہے کہ 40 سال سے زائد عمر کے لوگوں میں ویکسین کی فراہمی کے عمل کا آغاز ہوگیا ہے جس کی رجسٹریشن کا آغاز گزشتہ ہفتے کیا گیا تھا۔اسلام آباد میں میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے گزشتہ سال جولائی میں گاوی کے ساتھ مذاکرات کا آغاز کردیا تھا جس وقت کوئی ویکسین نہیں بنی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ ای سی سی نے 15 کروڑ ڈالر 30 نومبر کو منظور کیے تھے جسے کابینہ نے یکم دسمبر کو منظور کیا تھا اور اس وقت بھی دنیا میں کوئی ویکسین منظور نہیں کی گئی تھی۔ان کا کہنا تھا کہ ابھی تک 25لاکھ وےکسےن لگائی جا چکی ہےں رواں سال جون کے آخر تک ایک کروڑ 90 لاکھ خوراک حاصل ہوجائیں گی جن میں سے 90 فیصد خریداری کے ذریعے حاصل ہوں گی۔معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ ہم صرف عطیات پر انحصار نہیں کر رہے ہیں حکومت اب تک 3 کروڑ ویکسین کی خوراک کے معاہدوں پر دستخط کرچکی ہے۔