سیالکوٹ واقعہ پر بعض لوگ اپنی اپنی مرضی کا رنگ بھر رہے ہیں : فردوس عاشق

لاہور(ویب ڈیسک)وزیر اعلی پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس

عاشق اعوان نے کہاہے کہ سیالکوٹ واقعہ پر بعض لوگ اپنی اپنی مرضی کا رنگ بھر رہے ہیں، اختلاف پیدا کرنے والے لوگ سن لیں، انہیں مایوسی ہوگی، بیوروکریسی اور عوامی نمائندوں کا مقصد عوام کو ریلیف دینا ہے، چند مٹھی بھر لوگ حکومتی بدنامی کا باعث بن رہے ہیں جن کی ترجمان جعلی راجکماری بنتی ہیں۔
وہ پیر کے روز ڈی جی پی آر میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہی تھیں،انہوں نے کہا کہ مجھے پتا ہے ابھی اس راجکماری کی کنیزوں نے بھی پنجاب اسمبلی کے باہر رونا ہے، وزیراعلی پنجاب کی شکر گزار ہوں کہ جنہوں نے خود اس معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے واقعے کی آزادانہ تحقیقات کرانے کا فیصلہ کیا ہے جنہوں نے کل صفیں ڈالی تھی وہ اپنے مگرمچھ کے آنسو پونچھ لیں، ان کے بین کوئی نہیں سنے گا،سستے گھروں کی تعمیر کے لیے 133 جگہوں کی نشاندہی کر لی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کی نمائندگی کرتے ہوئے غصہ بھی آ جاتا ہے، اس کا مطلب یہ نہیں کہ ہماری کسی کیساتھ ذاتی دشمنی ہے، رمضان بازار میں جس طرح میں کھڑی تھی افسر کو بھی اے سی والی گاڑی میں بیٹھنے کے بجائے وہاں کھڑا ہونا چاہیے تھا، ہم ایک ہی گاڑی کے سوار اگر آپس میں گتھم گتھا ہوں گے تو گاڑی منزل پر نہیں جائے گی، میں نے جان بوجھ کر ردعمل نہیں دیا۔ چیف سیکرٹری کو حقائق مسخ کرکے بتائے گئے، پروٹوکول میرا مسئلہ نہیں ہے۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اسسٹنٹ کمشنر سے میں نے کیا پروٹوکول لینا تھا، اس بارے میں غلط پروپیگنڈا کیا گیا، میں رمضان بازار میں عثمان ڈار کے ووٹرز کا تحفظ کرنے گئی تھی، اسلام آباد میں بیٹھ کر حلقے کی عوام کی مشکلات کا اندازہ لگانا مشکل ہوتا ہے، انھیں بھی حقائق شائد مسخ کرکے بتائے گئے۔