بجلی کی کمی کا کوئی مسئلہ نہیں، بجلی پوری ہے: وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر


اسلام آباد(ویب ڈیسک ،خبر ایجنسی) وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے کہا ہے کہ تربیلا ڈیم میں مینیٹیننس کا کام

جاری ہے جس کی وجہ سے لوڈشیڈنگ کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے بجلی کی کمی کا کوئی مسئلہ نہیں ہے بجلی پوری ہے۔
ایک ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہاکہ گزشتہ 48 گھنٹے سے لوڈشیڈنگ کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جس کی مختلف وجوہات ہیں ایک وجہ یہ ہے کہ تربیلا ڈیم میں مینٹیننس کا کام جاری ہے تین سے چار دنوں کے اندر کام مکمل ہو جائے گا اور وہاں سے بجلی بحال ہو جائے گی۔ دوسری وجہ یہ ہے کہ کچھ ٹیکنیکل خرابیاں ہیں جن کی وجہ سے بجلی کا نقصان ہوا ہے اور جلد دوسرے پلانٹس سے بجلی بحال کردی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ میں واضح کردوں کہ بجلی کی کمی کا قطعاً کوئی ایشو نہیں ہے بجلی ہمارے پاس ضرورت سے زیادہ ہے جو پورا سال رہتی ہے اور پورا سال ہزاروں میگاواٹ ایسے ہیں جو ہم نہیں استعمال کرتے لیکن پرانے معاہدوں کے باعث ہمیں ان کی مکمل رقم کرائے کے طورپر ادا کرنی پڑتی ہے کچھ ٹیکنیکل فالٹ ہیں جو 48 گھنٹوں سے ہمارے سامنے آئے ہیں اس پر ہم ایک دو دن میں قابو پالیں گے۔