
اسلام آباد(ویب ڈیسک ،خبر ایجنسی ،فوٹو فائل)وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے انتخابات میں
بدترین شکست پر مسلم لیگ(ن) کو مریم نواز اور پیپلز پارٹی کو بلاول بھٹو زرداری سے استعفیٰ طلب کرنا چاہیے۔فواد چوہدری نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے آزاد کشمیر کے انتخابات میں تاریخی کامیابی پر اپنے ہمراہ موجود علی امین گنڈاپور کو بہترین مہم چلانے پر مبارکباد دی اور کہا کہ اس کامیابی کے دوررس نتائج برآمد ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ جس قسم کی کامیابی ملی ہے اس سے دھاندلی وغیرہ کا بیانیہ تو اپنی موت آپ مر جاتا ہے کیونکہ اتنی بڑی کامیابی میں دھاندلی ممکن نہیں ہوتی، یہ کامیابی اسی وقت ممکن ہوتی ہے جب آپ حقیقی معنوں میں عوام میں مقبول ہوں۔انہوں نے کہا کہ ووٹنگ ٹرن آوٹ 56 فیصد سے زائد رہا اور جب اتنی بڑی تعداد میں لوگ ووٹ ڈال رہے ہوں تو اس کا مطلب یہ ہے کہ لوگوں کو انتخابی عمل کے ساتھ ساتھ جس کو وہ ووٹ دے رہے ہیں اس پر بھی اعتماد ہے۔
وزیر اطلاعات نے آزاد کشمیر کے لوگوں کو مبارکباد دیتے ہوئے اس کامیابی سے آزاد کشمیر کے لوگوں نے مقبوضہ کشمیر کی تحریک کو جلا بخشی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ان نتائج کے بعد اگر پیپلز پارٹی اور مسلم لیگن میں پارٹی کی ہلکی سی رمق بھی باقی بچی ہے تو وہ بلاول سے بحیثیت چیئرمین اور مریم نواز سے بطور نائب صدر استعفی لے لیں جبکہ اگر ان دونوں میں خود بھی سیاسی طور پر کوئی شرم ہے تو انہیں اپنے عہدوں سے استعفی دے دینا چاہیے ۔
یک سوال کے جواب میں فواد چوہدری نے کہا کہ اگر نواز شریف نے حمداللہ موہب سے ملاقات نہ کی ہوتی تو مسلم لیگ(ن) اور پیپلز پارٹی کی نشستیں برابر آ جاتیں لیکن نواز شریف اور مریم نواز نے کشمیر مخالف بیانیے کو آگے بڑھایا جس کی وجہ سے کشمیر کے لوگوں نے انہیں مسترد کیا ہے ۔














