نواز اور حمد اللہ محب کی ملاقات افغان صدر کی درخواست پر ہوئی، شاہد خاقان عباسی

اسلام آباد(ویب ڈیسک ،خبر ایجنسی ،فوٹو فائل )سابق وزیر اعظم اور پاکستان مسلم لیگ(ن)کے سینئر رہنما شاہد خاقان عباسی نے

انکشاف کیا ہے کہ افغانستان کے صدر اشرف غنی کی درخواست پر نواز شریف نے افغانستان کے قومی سلامتی کے مشیر حمداللہ محب سے ملاقات کی تھی۔
ایک نجی ٹی وی سے گفت گو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ افغانستان کے صدر اشرف غنی نے لندن میں نواز شریف سے ملاقات کے لیے درخواست کی تھی، یہ دعوت نامہ 5ماہ قبل آیا تھا۔سابق وزیر اعظم نے کہا کہ ملاقات طے ہونے کے بعد حمد اللہ محب کی طرف سے متنازع بیان سامنے آیا جس کی پاکستان نے مذمت کی اور یہ بہت اچھا ہوا، پورے پاکستان نے اس کی مذمت کی تھی۔انہوں نے کہا کہ تاہم تعلقات دو ملکوں کے درمیان ہیں نہ کہ دو شخصیات کے درمیان۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ وفد سابق وزیر اعظم سے ملنے آیا تھا اور یہاں تک کہ اگر کوئی آپ کا دشمن ہو اور آپ کے دروازے پر آتا ہے تو آپ ان سے ملتے ہیں جبکہ افغانستان ہمارا دوست ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ حمداللہ محب ایک وفد کا حصہ تھے جو سفارتخانے کے عہدیداروں، وزرا پر مشتمل تھا ۔ انہوں نے ملاقات کے دوران دو طرفہ تعلقات پر بات چیت کی۔لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ میں یہ سمجھتا ہوں کہ اس ملاقات سے نواز شریف دوطرفہ تعلقات میں بہتری چاہتے ہیں اور مجھے امید ہے کہ اس میں بہتری آئے گی۔
شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ یہ ملاقات پاکستان کے نقطہ نظر کے لیے ہے اور اس سے ملک کے موقف کو تقویت ملے گی۔انہوں نے مسلم لیگ(ن)کے 25جولائی کو آزاد کشمیر کے انتخابات میں شکست کی وجہ حمد اللہ محب سے نواز شریف کی ملاقات کو ٹھہرانے کے حکومتی دعوے کو مسترد کیا