ماحولیاتی مسائل کو سنجیدہ نہ لیا گیا تو خطرناک نتائج کا سامناکرنا پڑ سکتا ہے: وزیر اعظم

ریاض(ویب ڈیسک ،خبر ایجنسی،فوٹو فائل) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ دنیا کے دس فیصد ملک 80فیصد ماحولیاتی تبدیلیوں کے ذمہ دار ہیں ،

ماحولیاتی مسائل کو سنجیدہ نہ لیا گیا تو خطرناک نتائج کا سامناکرنا پڑ سکتا ہے۔
ریاض میں مڈل ایسٹ گرین انیشیٹو سربراہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان ماحولیاتی تحفظ کیلئے سنجیدہ اقدامات کررہا ہے۔ 2023 تک ایک ارب مینکروز کے درخت لگائے جائیںگے،2030 تک 60فیصد توانائی کے قابل تجدید ذرائع پر منتقل ہو جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کیلئے سمٹ کے انعقاد پر مبارکباد دیتا ہوں، دنیا کے 10فیصد ملک 80فیصد ماحولیاتی تبدیلیوں کے ذمہ دار ہیں حکومت پاکستان ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کیلئے اقدامات کررہی ہے۔2030 تک پاکستان 60 فیصد قابل تجدید توانائی ذرائع پر منتقل کردیا جائے گا۔
پاکستان میں کوئلے سے توانائی پیدا کرنے کا کوئی نیا منصوبہ شروع نہیں کیاجائے گا۔ 10بلین ٹری سونامی منصوبے کا مقصد قدرتی طریقے سے ماحولیاتی چیلنجز پر قابو پانا ہے۔2023 تک ایک ارب میکروز کے درخت لگائے جائیں گے ۔ ماحول کے تحفظ کیلئے ہزاروں افراد کو روزگار کے مواقع فراہم کیے گئے۔ میکروز کے درخت سب سے زیادہ کاربن ڈائی آکسائیڈ جذب کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ پاکستان دنیاکا واحد ملک ہے جوماحولیاتی تحفظ کیلئے 44فیصد سرمایہ کاری کررہا ہے۔ ماحولیات کے تحفظ کیلئے متعدد اقدامات کیے گئے ہیں ۔ ماحولیاتی مسائل سے انسانوںکو سب سے بڑے چیلنجز درپیش ہیں۔ عالمی حدت میں دن بدن اضافہ ہورہا ہے۔ آج دنیا کے مختلف علاقوں میں آفات کا سلسلہ تسلسل سے جاری ہے۔
وزیر اعظم عمران خان نے کہاکہ دنیا کادرجہ حرارت بڑھتا جارہا ہے جو انتہائی خطرناک بات ہے۔ اس چیلنج سے نمٹنے کیلئے حکومت پاکستان متعدد اقدامات کررہی ہے۔ نیشنل پارکس میں50فیصد اضافہ کیا گیا ہے ۔بلو بانڈ گرین بانڈ نیچر بانڈ کا اجراءکیا گیا ہے۔ وزیراعظم نے کہاکہ موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث دنیا بھر میں گلیشیئرزتیزی سے پگھل رہے ہیں۔ ماحولیاتی تبدیلیوں سے پاکستان بھارت، تاجکستان، ازبکستان اوردوسرے ملک شدید متاثر ہورہے ہیں۔ دنیا کو ماحولیاتی مسائل سے نمٹنے کیلئے سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا اور سب کو مل کر کوششیں کرنا ہوں گی
۔ اس سے قبل سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں گرین سعودی عرب فورم اور گرین مشرق وسطی سربراہ کانفرنس شروع ہو گئی ،ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کانفرنس میں شریک سربراہوں اور عالمی شخصیات کا خیر مقدم کیا۔