کامیاب پاکستان پروگرام سے غریب طبقے کو بنا ءسود قرضے دیں گے، شوکت ترین

اسلام آباد(ویب ڈیسک ،خبر ایجنسی) وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ وزیراعظم کے ویژن کے تحت

نوجوانوں کو اوپر لانا ہے ، کامیاب جوان پروگرام کے تحت نوجوانوں کو 24 سے 26 ارب روپے دیے گئے ہیں۔

 کامیاب جوان کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مشیر خزانہ نے کہا کہ کسی بھی قوم کا سب سے قیمتی اثاثہ ان کے نوجوان ہوتے ہیں، چین نے اپنے لوگوں پر سرمایہ کاری کی اور آج وہ دنیا کی دوسری بڑی طاقت ہے۔

وفاقی مشیر خزانہ نے کہا کہ کامیاب پاکستان پروگرام لارہے ہیں جس کے تحت کسانوں کو قرضے دیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کامیاب پاکستان کے تحت ہر خاندان کے ایک فرد کو 5 لاکھ روپے تک کا قرضہ دیا جائے گا۔شوکت ترین نے کہا کہ نچلے طبقے کے لیے آسانیاں پیدا کریں گے تاکہ وہ اپنے پاں پر کھڑے ہوسکیں۔

 انہوں نے کہا کہ عثمان ڈار نے بہت اچھا کام کیا ہے ہم ان کے ساتھ ہیں۔ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مشیرخزانہ شوکت ترین نے کہا کہ کامیاب پاکستان پروگرام کے تحت غریب طبقے کو بنا سود کے بغیر قرضے دیے جائیں گے۔کنونشن سے اپنے خطاب میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے لوگوں سے کہا ہے کہ انہیں جو کچھ آتا ہے، اس کے متعلق اپنی سی وی جاب پورٹل پر اپ لوڈ کردیں۔ انہوں نے تمام وزارتوں سے کہا کہ وہ جاب پورٹل پر اشتہارات کی تشہیر کریں۔

 اسد عمر نے کہا کہ نوجوانوں کو ہم نے فیصلہ سازی میں شریک کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نوجوان نسل کو کامیاب بنانے کے لیے کوشاں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی معیشت میں انقلاب نوجوانوں کی وجہ سے آئے گا۔