مہنگائی بڑھنے سے تاجروں اور صنعت کاروں کو فائدہ ہوا، وزیرتوانائی حماد اظہر

لاہور(ویب ڈیسک،فوٹو فائل) وفاقی وزیرتوانائی حماد اظہر نے ملک میں مہنگائی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ آنے والے انتخابات میں

ہمارا مقابلہ اپوزیشن سے نہیں ہے بلکہ ہمارا مقابلہ ملک میں موجود مہنگائی سے ہے، ایسا نہیں ہے کہ ہمیں مہنگائی کا احساس نہیں ہے۔عالمی منڈی کی وجہ سے مہنگائی بڑھی اس لیے پاکستان میں بھی بڑھی ہے لیکن مہنگائی سے تاجروں اور صنعتکاروں کو فائدہ ہوا۔
وہ ہفتہ کو لاہور میں نیوز کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔انہوں نے کہا کہ ہمارا مقابلہ اس اپوزیشن سے نہیں جس کا کرپٹ چہرہ عوام کے سامنے بے نقاب ہوچکا ہے۔اپوزیشن رہنماؤں کے چپراسیوں اور بے نامی پاپڑ والے، فالودے والے کے اکاونٹس سے 4،4 ارب روپے نکل رہے ہیں۔ ہمارے دور میں ہونے والی تحقیقات نے ماضی کے حکمران دونوں خاندانوں کی کرپشن بے نقاب کی۔امید ہے کہ جتنی تیزی سے عالمی سطح پر قیمتیں اوپر گئی ہیں اسی تیزی سے اگلے چند ماہ میں واپس نیچے بھی آئیں گی اور اپنے منصوبوں اور اقدامات کی بدولت جلد ہم مہنگائی کے چیلنج پر قابو پالیں گے، انہوں نے کہا کہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے لیے تیاری ہے، ہماری پارٹی کی سینئر قیادت اس حوالے سے تنظیم سازی کر رہی ہے، صدارتی نظام سے متعلق بحث نئی نہیں ہے، بلکہ یہ بحث کافی برسوں سے چل رہی ہے اور آئندہ بھی چلتی رہے گی لیکن موجودہ مہم کے پیچھے ہماری حکومت کا کوئی کردار نہیں ہے، ملک میں جو بھی نظام ہوگا وہ آئین اور قانون کے مطابق ہوگا۔
اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے وفاقی وزیر حماد اظہر کا کہنا تھا کہ پاناما کیس میں وہ بے نقاب ہوئی، اپوزیشن رہنماؤں کے چپراسیوں اور بے نامی پاپڑ والے، فالودے والے کے اکاؤنٹس سے 4،4 ارب روپے نکل رہے ہیں، ہمارے دور میں ہونے والی تحقیقات نے ماضی کے حکمران دونوں خاندانوں کی کرپشن بے نقاب کی، اس سے زیادہ عوام کو ان کی کرپشن کے اور کیا ثبوت چاہئیں۔