بھارت، بنگلا دیش آج ہم سے بہت آگے نکل گئے:پی ٹی آئی چیئر مین عمران خان

لاہور ( ویب ڈیسک،فوٹوفائل) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ دووخاندانوں کے 30 سالہ اقتدار

کی وجہ سے بھارت، بنگلا دیش آج ہم سے بہت آگے نکل گئے ہیں ،پاکستان ڈوب رہا ہے۔آج دنیا کہہ رہی ہے پاکستان کے حالات سری لنکا جیسے ہونے لگے ہیں مگر ان دونوں خاندانوںکے اثاثے کھربوں روپے تک پہنچ گئے ہیں ، آج پی ڈی ایم سرکار کوسعودی عرب سمیت کوئی بھی ملک پیسے دینے کوتیار نہیں ۔
رول آکر کانفرنس میں ویڈیو لنک کے ذریعے وکلا سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ پی ڈی ایم سرکار فیل ہو چکی، دو خاندانوں کی وجہ سے ملک ڈوب رہا ہے، کوئی بھی انہیں پیسے دینے کو تیار نہیں۔ اب تو سعودی عرب نے بھی انکار کر دیا۔ آئی ایم ایف اس وقت قرضہ دے گا جب ان کی شرائط مانی جائیں گی، پاکستان میں سری لنکا جیسی صورتحال زیادہ دورہ نہیں، حالات کی بہتری کا واحد راستہ صاف اور شفاف الیکشن ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک کی تاریخ میں اتنا بڑا کرائسزنہیں آیا جو آچکا ہے، پاکستان دلدل میں پھنسا ہوا ہے، وکلا پاکستان کواس دلدل سے نکال سکتے ہیں، ایک آدمی نے سازش کر کے رجیم چینج کا فیصلہ کیا، ایک آدمی کے فیصلے کی وجہ سے حکومت گرائی گئی۔عمران خان نے کہا کہ یہ حکومت فیل ہو چکی ہے، سعودی عرب نے بھی کہہ دیا ہے کہ اب پیسے نہیں دیں گے۔ 8 ماہ میں دنیا کے چکر لگا لیے ہیں، بلاول زرداری تو کبھی پاکستان میں ملتا ہی نہیں، ان کو کوئی بھی پیسے نہیں دے رہا اب تو سعودی عرب نے بھی انکار کر دیا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ 90 کی دہائی میں پاکستان کے تمام اعشاریئے مثبت تھے لیکن آج پاکستان میں سری لنکا جیسی صورتحال ہے اور پاکستان کے زرمبادلہ تاریخ کی کم ترین سطح پر ہیں۔ کوئی بھی ملک اور ادارہ پاکستان کو ادھار دینے کے لیے تیار نہیں۔ملک میں قانون کی بالادستی ضروری ہے اور قانون پر عمل درآمد ہو گا تو ملک موجود حالات سے نکلے گا ۔