اسلام آباد (ویب ڈیسک ،خبر ایجنسی ،فوٹو فائل)وفاقی وزیر برائے توانائی انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ رواں سال موسم گرما میں لوڈشیڈنگ
پچھلے سال کے مقابلے میں کم ہوگی، گوادر میں بجلی کی وافر اور مستقل فراہمی کا دیرینہ مسئلہ حل کر دیا گیا ہے ،جس کے باعث ایران کے ساتھ ہونے والے معاہدے کے تحت 100میگاواٹ بجلی گوادر کو ملے گی۔
یہ بات انہوں نے بدھ کو پریس کانفرنس سے خطاب میں کہی ۔تھرکول پراجیکٹ سسٹم سے 2000میگا واٹ بجلی کی بلا تعطل فراہمی کے لئے ٹرانسمیشن لائن پر کام جاری ہے جس کوموسم گرما کی آمد سے پہلے پہلے مکمل کر دیا جائے گا ،مانسہرہ میں پاکستان کا سب سے بڑا 765کے وی کا گرڈ سٹیشن تعمیر کیا جائے گا ،جس کے باعث داسو اور دیامیر بھاشا ڈیم سے پیدا ہونے والی بجلی ملک کے سسٹم میں شامل کی جائے گی۔
۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ گوادر میں رہنے والوں کیلئے بجلی کی وافر اور مستقل فراہمی کا مسئلہ حل کر دیا ہے ۔ پچھلے سال جون میں ایران کے ساتھ 100میگاواٹ بجلی کا معاہدہ کیا گیا تھا ، پچھلے مہینے پاکستان نے اپنی طرف سے 20کلو میٹر کی ٹرانسمیشن لائن کا کام مکمل کر دیا ہے جبکہ ایران کی طرف سے بھی یہ کام مکمل کر لیا گیا ہے۔لہٰذا ٹیکنیکل طور پر لائن تیار ہے ۔بجلی کی فراہمی کا حتمی معاہدہ 2روز قبل تہران میں باہمی رضا مندی کے تحت مکمل کیا گیا۔اس منصوبے کے تحت وہاں کے رہنے والوں کے لئے خوشحالی اور روزگار میسر آئے گا گوادر بندر گاہ۔ ایئرپورٹ اور پانی کے پلانٹ کیلئے بجلی کی معقول مقدار 24گھنٹے دستیاب ہو گی جو کہ گوادرمیں آنے والی ترقی کے لئے خوش آئند بات ہے۔
انہوں نے کہاکہ اس معاہدے کی وجہ سے دنیا بھر سے سرمایہ کار جو کہ گوادر میں بجلی کی کمی کی وجہ سے توجہ نہیں دے رہے تھے وہ اب متوجہ ہوں گے جس کے باعث خوشحالی آئے گی۔ انہوں نے کہاکہ بلوچستان کے ساحل مکران ڈویژن میں جون کے مہینے میں اس ٹرانسمیشن لائن پر کام شروع کیا گیا تھا جو کہ ریکارڈ مدت میں مکمل کی گئی جس کا کابینہ کی منظوری کے بعد افتتاح کیا جائے گا ۔