اسلام آباد ( ویب ڈیسک،خبر ایجنسی ،فوٹو فائل)وزیراعظم شہباز شریف نے واضح کیا ہے کہ تحریک انصاف کے شرپسندوں نے 9 مئی کو ریڈ لائن
کراس کی اس لئے انکیلئے کوئی معافی نہیں ،چاہیے۔ میں بھی سفارش کروں کسی گناہ گار کو چھوڑا نہیں جائے گا اور کسی بے گناہ کو سزا نہیں دی جائے گی ۔شہداءہمارے ہیرو ہیں اور ان کی تکریم پر کوئی آنچ نہیں آنے دی جائے گی۔شہداءکے لواحقین کا ہرطرح سے خیال رکھا جائے گا ۔ انہیں وزیر اعظم یوتھ ا سکیم کے تحت آسان شرائط پر قرض بھی دیا جائیگا اور دیگر سہولیات بھی فراہم کی جائیںگی ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جناح کنونشن سینٹر میں تحفظ شہداءکنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔وزیر اعظم نے کہا کہ انہیں آج اس کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے فخر محسوس ہو رہا ہے کہ کیونکہ آج ہم شہداءکو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے اکٹھے ہوئے ہیں۔یہ وہ شہداءہیں،جنہوں نے پاکستان کی مٹی اور اس وطن کے دفاع کے لئے اپنے جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔،لہو سے اس کی آبیاری کی ، اور ہم شہداءکو کبھی نہیں بھول سکتے ،یہ ہمارا اثاثہ اور قومی ہیروز ہیں ۔
افواج پاکستان ،قانون نافذ کرنے والے ادارے، پولیس ،سیکورٹی ایجنسیز کے افسران اور جوانوں نے اس ملک کیلئے قربانیاں دیں ،86 ہزار سے زائد قربانیوں کی وجہ سے ملک میں امن وا استحکام آیا مگر جو کچھ 9 مئی کو ہوا وہ کبھی نہیں بھلایا جا سکتا۔یہ ہمیشہ ایک سیاہ دن کے طور پر یاد رکھا جائیگا ،تحریک انصاف کے شرپسندوں اور ا سکے سربراہ عمران خان نے جس طرح لوگوں کو مشتعل کیا سب کچھ ایک منصوبہ بندی کے تحت کیا گیا، جس کا ماسٹر مائنڈ عمران خان تھا وہ خود کو بری الزمہ قرار نہیں دے سکتا، کوئی سیاسی جماعت کیا ایسا کر سکتی ہے کہ گرفتاری کی صورت میں ریاست پر حملہ کر دے۔
انہوں نے کہا کہ جب یہ حکومت میں آیا تو اس نے پوری اپوزیشن کو جیلوں میں ڈال دیا ہم نے کوئی گڑ بڑ نہیں کی ،گرفتاریاں دے دیں ،جیلوں میں چلے گئے ،توڑ پھوڑ نہیں کی ،ریاستی اور دفاعی اداروں کو نقصان نہیں پہنچایا ،ذوالفقار علی بھٹو کوپھانسی ہوئی ،محترمہ بے نظیر بھٹو شہید ہوگئیں، نواز شریف کو جلا وطن کیا گیا پھر دوبارہ ان کی حکومت ختم کر دی گئی، مگر کسی سیاسی جماعت نے اپنے ملک کو یا اس کے جھنڈے کو نقصان نہیں پہنچایامگر عمران خان جس دن گرفتار ہوتا ہے جلاﺅ گھیراﺅ اوردفاعی و فوجی تنصیبات پر اس کے شر پسند حملہ آور ہوتے ہیں جن کو قانون کے کٹہرے میںلایا جارہا ہے ان کے لئے کوئی معافی نہیں یہ ناقابل معافی جرم اور ریاست پر حملہ ہے ،ریاست کمزور نہیں ،شہیدوں کی تصاویر اور یادگاروں کی بے حرمتی کی گئی ،سوچیں ان شہیدوں کے ورثاءاور لواحقین پر کیا گزرتی ہوگی۔
س موقع پر وفاقی وزراءامین الحق اور شیری رحمان نے بھی خطاب کیا اور وزیر اعظم سے مطالبہ کیا کہ 9 مئی کے ذمہ داروں کو کسی صورت نہ چھوڑا جائے ،ریاست پر حملہ آور کسی صورت محب وطن نہیں ہو سکتا جن لوگوں نے یہ کیا انہیں کٹہرے میں لایا جانا بہت ضروری ہے۔س موقع پر شہداءکو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔