اسلام آباد (ویب ڈیسک ،خبر ایجنسی،فوٹو فائل ) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری نے کہا ہے کہاکہ اگر دوست ساتھ مل بیٹھیں تو اس

حکومت کو فورا گھر بھیج دیں گے ۔ یہ بات انہوں نے پاکستان میڈیا ڈیولپمنٹ اتھارٹی بل کے خلاف ڈی چوک اسلام آباد میں صحافیوں کے دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں عدم اعتماد کا ہتھیار استعمال کرکے سلیکٹڈ کی حکومت ختم کرسکتی ہیں، دوست ساتھ مل جائیں تو اس حکومت کو فورا گھر بھیج دیں گے یا اتنا ہلا کر رکھ دیں گے کہ وہ اس طرح کے ظلم نہیں کرسکے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور وزرا کو ہماری فوج اور فوجی قیادت کو اس طرح سے سیاست میں نہیں گھسیٹنا چاہیے۔کٹھ پتلی وزیراعظم ففتھ جنریشن وار فیئر کا مقابلہ کرنے اور جواب دینے کی صلاحیت نہیں رکھتا،
بلاول بھٹونے کہا کہ حکومت نے کئی بار ادارے کو اپنا سیاسی سہارا سمجھ کر خود کو درست ثابت کرنے کی کوشش کی ہے، ڈیفنس ڈے کی تقریر سے اس قانون کا کیا تعلق ہے؟ حکومت جان بوجھ کر آرمی چیف کی تقریر کو اس قانون سے ملا کر مخصوص تاثر دے رہی ہے۔ اس قسم کی بیان بازی اور کوششوں سے ہمارے ادارے متنازع ہو جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جب بھی کوئی آمر یا سلیکٹڈ آتا ہے۔ وہ میڈیا کنٹرول کر نے کے لیے کالا قانون لاتے ہیں، ہم نے ملکر ایوب خان کے کالے قانون کو ختم کیا تھا، ہم نے مشرف کی پابندیوں کو ختم کیا اور آئین سے صاف کیا، تھا، پیپلز پارٹی پی ایم ڈی اے کو نہیں مانتی یہ جمہوریت پر ڈاکہ اور عدلیہ پر بھی حملہ ہے۔