اسلام آباد (ویب ڈیسک ،خبر ایجنسی)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو
زرداری نے ملک میں مہنگائی کی ریکارڈ شرح پر حکومتِ پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم صاحب ہوش کے ناخن لیں، ملک میں مہنگائی کی ماہانہ شرح 11.1 فیصد جبکہ سالانہ شرح 14.1 فیصد تک پہنچ چکی ہے، ڈبلیو پی آئی کے مطابق مہنگائی کی شرح 16.6 فیصد جبکہ ایس پی آئی کے مطابق تو ملک میں مہنگائی کی شرح 21.3 فیصد تک پہنچ چکی ہے۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ المیہ یہ ہے کہ ملک میں مہنگائی میں کمی کا کوئی امکان نہیں، عمران خان کی حکومت کا ہر گزرتا دن مہنگائی کا طوفان لارہا ہے،جب گندم اور گنا پیدا کرنے والا ملک چینی اور آٹا درآمد کرے گا تو کیسے ملک چلے گا ۔
انہوں نے کہا کہ رمضان کے مقدس مہینے میں مختصر ہوتے افطار کے دسترخوان عمران خان کی نااہلی کی داستانیں سنارہے ہیں عوام عمران خان کو مہنگائی کی دہائیاں دے رہے ہیں مگر خان صاحب اپنی تعریف کے علاوہ کچھ سننے کو تیار نہیں،سندھ حکومت نے کمرتوڑ مہنگائی کے دنوں میں بے نظیر مزدور کارڈ کا اجرا کرکے غریبوں کے زخموں پر مرہم رکھا ہے۔