لاہور( ویب ڈیسک) مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف کو جیل سے رہا کردیا گیا۔جیل حکام خواجہ آصف کی رہائی
کے احکامات لے کر جناح ہسپتال پہنچے اور ہسپتال عملے کو رہائی کی روبکار دیکر روانہ ہو گئے۔ سپرنٹنڈنٹ کوٹ لکھپت جیل کاشف رسول نے خواجہ آصف کی رہائی کی ضابطے کی کارروائی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ عدالتی احکامات پر عمل درآمد کر دیا گیا ہے۔
خواجہ آصف جناح اسپتال میں زیر علاج ہیں اور ان کے وکیل نجم الحسن کا کہنا ہے کہ ڈاکٹروں نے خواجہ آصف کو دو دن تک آرام کا مشورہ دیا ہے، خواجہ آصف کا مثانے کا آپریشن ہوا ہے۔ جیل حکام خواجہ آصف کی رہائی کے روبکار پر عمل درآمد کے بعد وہاں سے روانہ ہوگئے۔ قبل ازیں لاہور کی احتساب عدالت نے ناجائز اثاثوں کے الزام میں گرفتار مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف کی ضمانتی مچلکوں کی جانچ پڑتال کے بعد جیل سے رہائی کی روبکار جاری کی۔