اسلام آباد(ویب ڈیسک)پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے مرکزی نائب صدرمریم نوازکی آڈیو کلپ سے متعلق وضاحت جاری
کرتے ہوئے کہاہے کہ مریم نوازکی گفتگو پارٹی اشتہارات سے متعلق تھی، یہ پرانی آڈیوہے جس پرمریم نواز نے جرات کے ساتھ سچ بولا۔اپنے بیان میں ان کا کہنا تھاکہ پارٹی اشتہار سے متعلق فیصلہ پارٹی ہی کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مریم نواز نے آڈیوکومانا اس میں چھپانے والی کوئی بات نہیں تھی، جب کچھ غلط نہ کیاہوتو اسی طرح کھل کر اعتراف کیا جاتا ہے۔مریم اورنگزیب کا کہنا تھاکہ مریم نواز کی آڈیو پرطوفان برپا کرنے کی ضرورت نہیں، اس آڈیو کاجواب دیں جس نے عوام کو مہنگائی اور بیروزگاری کے جہنم میں دھکیل دیا۔
انیوں نے کہا کہ اس آڈیو کاجواب دیں جس کی وجہ سے معیشت کاکباڑا ہوا۔ان کا کہنا تھاکہ اس آڈیوکاجواب دیں جس نے قوم کا ووٹ چوری کرکے کٹھ پتلیاں مسلط کیں، اس آڈیو کا حساب دیں جس سے عدل کے ایوان کے ماتھے پر داغ لگا۔