کراچی (ویب ڈیسک ،خبر ایجنسی)ایف اے ٹی ایف کی شرط پر عملدرآمد ،بین الاقوامی پروازوں کے تمام مسافروں کیلئے کرنسی ڈکلیئریشن لازمی قرار دے دیا گیا
ہے۔مسافر کو ملکی و غیر ملکی کرنسی کی تفصیلات ظاہر کرنا ہوں گی،مسافر ڈکلیئریشن جمع کرائے بغیر سفر کر سکیں گےے نہ ہی ایئرپورٹ سے باہر جا سکیں گے۔
حکومت نے منی لانڈرنگ پر قابو پانے کی کوششوں اور ایف اے ٹی ایف کی شرط پر عمل کا آغاز کردیا ہے،اس سلسلے میں سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ایف بی آر کی ہدایت پر بین الاقوامی پروازوں کے تمام مسافروں کے لیے کرنسی ڈکلیئریشن کا نوٹی فکیشن جاری کردیا ۔ بیرون ملک سے پاکستان آنے اور جانے والے ہوائی مسافروں کو کسٹم ڈکلریشن (بشمول کرنسی ڈیکلریشن )فارم بھرنا پڑے گا۔
پاکستان سے بیرون ملک جانے والے مسافروں کیلئے بورڈنگ پاس کا اجرا کسٹمز ڈیکلریشن فارم سے مشروط کر دیا گیا ہے۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ترجمان کے مطابق پاکستانی ایئرپورٹس پر بیرون ملک سے آنے والے مسافر بھی کسٹم ڈیکلریشن فارم فل کریں گے۔ پاکستان آنے والی فلائٹ کے دوران فضائی میزبان مسافروں کو کرنسی و کسٹم ڈیکلریشن فارم پر کرنے کا اعلان کریں گے۔