لاہور (ویب ڈیسک ،فوٹو فائل) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا ہے کہ ہمارے حکومت کے ساتھ غیر رسمی
رابطے ہورہے ہیں۔ صدر مملکت نے بھی اسحاق ڈار کو سمجھایا۔ یہ حکومت چند ہفتوں کی مہمان رہ گئی ، ہماری خواہش ہے۔ 20 مارچ سے پہلے عام انتخابات کا عمل مکمل ہو جائے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری کا کہنا تھا کہ یہ حکومت تیزی سے اپنی مقبولیت کھو رہی ہے۔ملک میں الیکشن کے علاوہ کوئی نظام استحکام نہیں دے سکتا، شہباز شریف گزشتہ دن پارلیمانی جمہوریت پر لیکچر دے رہے تھے۔ وفاقی حکومت کی مداخلت، دھاندلی کے باوجود ہم نے کشمیر کا الیکشن بھی جیتا، عمران خان کے خلاف الیکشن کمیشن کی کارروائی کی کوئی بنیاد نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ زرمبادلہ کے ذخائر 7 بلین ڈالرز کے قریب رہ گئے ہیں، اس حکومت نے جانا ہی جانا ہے، عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں 3 سال کی کم سطح پر ہیں، تیل کی قیمتیں کم ہونے کے باوجود حکومت عوام کو ریلیف نہیں دے رہی۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت اپنی اہمیت کھو رہی ہے، ہم انتخابات کی طرف بڑھنا چاہتے ہیں، پاکستان کو سب سے بڑا چیلنج معیشت کا درپیش ہے، 15 دن گزار لیں یا ایک ماہ اس حکومت نے آخر جانا ہے، وفاق پنجاب کے 176 ارب کا مقروض ہے۔
انہوں نے کہا کہہماری نظر میں یہ حکومت چند ہفتوں کی مہمان رہ گئی ہے، ہماری خواہش ہے۔ 20 مارچ سے پہلے الیکشن پراسس مکمل ہوجائے، ہمارے دور میں 6 فیصد پر معیشت گروتھ کر رہی تھی۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت عالمی سطح پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ہورہی ہیں، اس حکومت کی کوئی انرجی، گیس پالیسی نہیں، ملک میں انڈسٹریز بند ہورہی ہیں، ہم چاہتے ہیں ملک میں آئین کےخلاف کوئی کام نہیں ہونا چاہیے۔