اسلام آباد(ویب ڈیسک،خبر ایجنسی،فوٹو فائل) وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ معیشت کی مستقل بحالی کا واحد راستہ برآمدات اور سرمایہ
کاری کو فروغ دینا ہے۔حکومت، نجی اداروں اور تحقیقی اداروں کے اشتراک سے نئی منڈیاں تلاش کرنی ہیں ،75 سالوں میں ڈالر خرچ کرنا سیکھا پر کمانا نہیں۔پائیڈ پانچ نکاتی پالیسی کا جائزہ لیکر اپنی تجاویز فراہم کرے۔حکومت سنبھالی تو بتایا گیا کہ ترقیاتی بجٹ کیلئے فنڈز نہیں۔ ہمیں ملک کی معیشت کو ہر صورت بچانا ہے۔ دوست ملکوں کی امداد اور قرضوں پر زیادہ دیر نہیں چل سکتے۔
پا کستان انسٹی ٹیوٹ آف ڈویلپمنٹ اکنامکس کا دورہ کیااس موقع پرمستقبل میں معاشی بہتری کیلئے 5نکاتی پالیسی کے حوالے سے گفتگوکرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا ہمیں ہر صورت ملک کی پیداواری صلاحیت کو بہتر بنانا ہو گا،زرعی نظام میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے پیداواری صلاحیت بڑھا سکتے ہیں ،زرعی پیداوار کو بڑھا کر اربوں ڈالر ز کا زرمبادلہ کمایا جاسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں آئی ایم ایف اور دیگر ملکوں پر انحصار کم کرنے کیلئے اقدامات کرنا ہوں گے ۔ زرمبادلہ کے ذخائر بڑھانے کیلئے ترسیلات زر اور برآمدات بڑھانا ہونگی، ہمیں ملک میں معاشی اور سیاسی استحکام لانا ہو گا،معاشی استحکام کیلئے سیاسی استحکام لانا ضروری ہے۔کوشش ہے کہ پسماندہ طبقے پر مہنگائی کا کم سے کم بوجھ پڑے، گزشتہ حکومت کے معاہدوں کے باعث ہمیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔