اسلام آباد (ویب ڈیسک ،خبر ایجنسی)چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے نگران وزیرِاعلیٰ خیبر پختونخوا جسٹس (ر)سید ارشد حسین شاہ سے ملاقات
میں اس امر پر زور دیا ہے کہ صوبہ میں موجودہ سیکیوٹی کی صورتِ حال کو مدنظر رکھتے ہوئے عام انتخابات کے پر امن انعقاد کیلئے ضروری اقدامات کیے جائیں ،جس میں ووٹرز کے تحفظ کو اولین فوقیت دی جائے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گزشتہ روز چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ سے نگران وزیر اعلیٰ کے پی کے نے الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ اسلام آباد میں ملاقات کی۔ نگران وزیرِ اعلیٰ چیف الیکشن کمشنر کو صوبے میں انتخابات کی تیاریوں پر بریفنگ دی اور یقین دہانی کرائی کہ خیبر پختونخوا کی صوبائی حکومت الیکشن کمیشن کے ساتھ مل کر صوبے میں آزادانہ، منصفانہ اور غیر جانبدارانہ انتخابات کا انعقاد یقینی بنائےگی۔
چیف الیکشن کمشنر نے نگران وزیرِ اعلیٰ کو عہدہ سنبھالنے پر مبارک باد دی اور کہا کہ صوبہ خیبر پختونخوا میں موجودہ سیکیورٹی کی صورتِ حال کو مدنظر رکھتے ہوئے عام انتخابات کے پر امن انعقاد کیلئے ضروری اقدامات کیے جائیں ،جس میں ووٹرز کے تحفظ کو اولین فوقیت دی جائے۔