
اسلام آباد(ویب ڈیسک،فوٹوفائل)وفاقی وزیراطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ سہیل آفریدی کو وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا امیدوار اس لیے
نامزد کیا گیا ہے کہ وہ دہشت گردوں کی کھل کر سہولت کاری کرسکیں۔ تحریک انصاف انتشاری ٹولہ اور دہشت گردوں کا سہولت کار ہے،
اسلام آباد میں وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر اختیار ولی کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمارے شہدا کے لواحقین عظیم مرتبے پر فخر محسوس کرتے ہیں، قوم شہدائے وطن کو سلام پیش کرتی ہے، وزیراعظم اور فیلڈ مارشل شہدا کی نماز جنازوں میں شریک ہوئے، پاک سرزمین کے بہادر سپوتوں کے عزم اور جذبے کو سلام پیش کرتے ہیں۔
وزیر اطلاعات عطا تارڈ کا کہنا تھا کہ ملک میں ایک انتشاری ٹولہ موجود ہے جو ملک کے امن وامان کو تباہ کرنا چاہتا ہے، جیل میں بیٹھے شخص عمران خان کے دور میں نیشنل ایکشن پلان کو ختم کرکے دہشت گردوں کو واپس لایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن رد الفساد اور ضرب عضب کے دوران پوری قوم نے گواہی دی کہ ہمیں کامیابیاں حاصل ہوئیں، دہشت گردوں کو پسپائی پر مجبور کیا۔ انہیں جہنم واصل کیا گیا اور ملک میں امن قائم کیا گیا لیکن ان دہشت گردوں کو واپس لایا گیا اور آج دن تک سہولت کاری جاری ہے۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کا پورا انتشاری ٹولہ دہشت گردوں کا سہولت کار ہے، عمران خان کے ماضی کے بیانات میں یہی کہا گیا کہ یہ اچھے لوگ ہیں، ان سے مذاکرات کرنے چاہیئیں اور واپس لانا چاہیے لیکن وہ لوگ بے گناہوں کو نہیں چھوڑتے، اسکول، مساجد میں حملے کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جیل میں بیٹھا شخص دہشت گردوں کا چیف اسپانسر ہے اور دہشت گردوں کو اس سے سہولت کاری ملتی ہے لیکن ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے والے عناصر کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ سہیل آفریدی کو وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نامزد کیا گیا ہے۔ علی امین گنڈاپور سے رنجش یہ تھی کہ تم دہشت گردوں کی ٹھیک طریقے سے سہولت کاری نہیں کرپا رہے تھے اور ان کے خلاف کارروائی بند نہیں کرپا رہے تھے اور وہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی توقعات پر پورا نہیں اتر رہے تھے اس لیے انہیں عہدے سے ہٹایا گیا۔




































