
اسلام آباد (ویب ڈیسک،خبر ایجنسی) پاکستان نے غزہ میں فوری جنگ بندی اورقیدیوں کی رہائی کے حالیہ اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے
اسے خطے میں امن کی جانب ایک مثبت قدم قرار دیا ہے۔ دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان فلسطینی عوام کی مشکلات کے خاتمے اور انسانی امداد کی فراہمی کیلئے ہر ممکن اقدام کی حمایت کرتا ہے۔
ترجمان نے غزہ میں جاری انسانی بحران پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ انسانی امداد کی ترسیل میں حائل تمام رکاوٹیں فوری طور پر ختم کی جائیں تاکہ متاثرہ فلسطینیوں تک بنیادی سہولیات پہنچائی جا سکیں۔
بیان میں پاکستان نے اس اہم پیش رفت میں مثبت کردار ادا کرنے پر سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، قطر، مصر اور ترکی کی کوششوں کو سراہا ہے اور کہا ہے کہ ان ممالک کی سفارتی کوششیں خطے میں قیامِ امن کی راہ ہموار کرنے میں معاون ثابت ہو رہی ہیں۔پاکستان نے امید ظاہر کی ہے کہ یہ جنگ بندی مستقل قیام امن کی بنیاد بنے گی اور فریقین ایک دیرپا اور منصفانہ حل کی طرف بڑھیں گے۔
بیان میں اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ پاکستان فلسطین کے عوام کے حقِ خودارادیت کی مکمل اور اصولی حمایت کرتا ہے،پاکستان نے ایک بار پھر اس موقف کو دہرایا کہ فلسطین کی آزادی اور القدس الشریف کو اس کے دارالحکومت کے طور پر تسلیم کیا جانا ہی مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن کا واحد راستہ ہے۔




































