راولپنڈی(ویب ڈیسک ،خبر ایجنسی ،فوٹو فائل) چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیرنے کہا ہے کہ فوج کا ہر سپاہی اور افسر سیاسی تعصبات
سے بالاتر ہو کر فرائض کو مقدم رکھتا ہے۔فوجی تنصیبات، یادگاروں اور شہدا کی حرمتوں پر حملے ناقابلِ برداشت ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں شہدا اور غازیوں کے اعزاز میں تقریبِ تقسیم اعزازات ہوئی۔چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیرنے آپریشنز کے دوران بہادری اور قوم کیلئےشاندار خدمات پر پاک فوج کے افسران و جوانوں کو فوجی اعزازات سے نوازا۔51 افسران کو ستارہ امتیاز(ملٹری) ،22 افسران و جوانوں کو تمغہ بسالت اور 2 جوانوں کو اقوامِ متحدہ کے خصوصی میڈل کے اعزاز سے نوازا گیاہے۔تقریب پاک فوج کے سینئر افسران اور شہدا کے اہلخانہ نے شرکت کی۔
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاک فوج بطور ادارہ اپنے سے منسلک ہر فرد کو اور اس کے لواحقین کو ہمیشہ یاد رکھتا ہے اور ہمارا یہ رشتہ بطور خاندان قابلِ فخر اور فقید المثال ہے،جنرل سید عاصم منیرنے زور دیا کہ افواجِ پاکستان کا ہر سپاہی اور آفسر تمام علاقائی، لسانی اور سیاسی تعصبات اور امتیازات سے بالاتر ہو کر صرف اور صرف اپنے فرائض اور ذمہ داریوں کو مقدم رکھتا ہے۔ مضبوط فوج مملکت کی سلامتی اور اتحاد کی ضامن ہوتی ہے۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے حالیہ دنوں میں فوجی تنصیبات، یادگاروں اور شہدا کی حرمتوں پر حملوں کو انتہائی افسوس ناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ناقابلِ برداشت ہیں ،آرمی چیف نے 25 مئی کو یومِ تکریمِ شہداِ پاکستان منانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ شہدا کی عظیم قربانیوں کے طفیل ہم آزاد فضا میں زندگی بسر کر رہے ہیں، شہدا کی قربانیاں اور غازیوں کی خدمات سرمایہِ افتخار ہیں۔