حکومتیں محلوں کے اندر نہیں ہوتیں بلکہ عوام کی مشکلات کا حل نکالتی ہیں، صدر علوی

میر پور خاص (ویب ڈیسک )صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ حکومتیں محلوں کے اندر نہیں ہوتیں بلکہ حکومتیں عوام کے ساتھ

بات کرتی ہیں اور عوام کی مشکلات کا حل نکالتی ہیں۔ کوروناوائرس کے معاملہ پر تو پاکستان نے دنیا میں مثال قائم کی کہ ایک کروڑ69لاکھ خاندانوں تک 12ہزار روپے منتقل ہوئے۔
ان خیالات کاا ظہار صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سیلاب سے متاثر ہونے والے افراد میں امدادی سامان کی تقسیم کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ دنیا میں کوروناوائرس کی وباءپھیل رہی ہے اور بھارت میں آج لاکھوں نئے مریض سامنے آرہے ہیں جبکہ پاکستان میں دو، تین سو سے زیادہ نئے مریض نہیں ہیں۔ پاکستان میں بیماری تقریباً ختم ہو گئی ہے مگر احتیاط جاری رکھنی ہے، ماسک پہننا ہے، حکومت جو احتیاط بتائے وہ جاری رکھنی ہے کیونکہ یہ وباءواپس آکر نقصان بھی پہنچا سکتی ہے۔ ۔ اس موقع پر گورنر سندھ عمران اسماعیل ، پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ صدر مملکت کا کہنا تھا کہ سیلاب متاثرین میں امدادی سامان کی تقسیم کا سلسلہ جاری ہے اور آج کی تقریب اس کا ایک چھوٹا سا حصہ ہے۔یہ ضروری تھا کہ متاثرین سے آکر بات کی جائے اور وہ رابطہ پکا کیا جائے جو ریاست، حکومت اور عام لوگوںکے درمیان قائم ہوا ہے۔
میں خلفیہ بن زید فاﺅنڈیشن کا بھی مشکور ہوں کہ انہوں نے اس مشکل وقت کے اندر کچھ عطیات دیئے جنہیں بدین، سانگھڑ، سکھر اور میر پور خاص میں بانٹا جارہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومتیں محلوں کے اندر نہیں ہوتیں بلکہ حکومتیں عوام کے ساتھ بات کرتی ہیں اور عوام کی مشکلات کا حل نکالتی ہیں۔