گیس کااستعمال،وین مالکان کے خلاف کارروائی کی ہدایت

کراچی (ویب ڈیسک )کراچی کے تعلیمی اداروں میں وین مالکان نے سی این جی اور ایل پی جی گیس کے

استعمال پر پابندی کے احکامات کو ہوا میں اڑا دیا ہے۔

صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ اویس قادر شاہ نے آئی جی سندھ کو اس حوالے سے خط لکھ دیا اور کہا ہے کہ وین مالکان کے خلاف کارروائی کی جائے۔

تعلیمی اداروں کے وین مالکان کی جانب سے سی این جی اور ایل پی جی گیس سلنڈر کے استعمال کی پابندی پر تاحال عمل نہیں کیا جا رہا، شہر کی بیشتر وینیں میں تاحال گیس سلنڈر پر چل رہی ہیں، جس کے باعث بچوں کی جانوں کو خطرات لاحق ہیں۔

اس صورت حال پر صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ اویس قادر شاہ نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے آئی جی سندھ کلیم امام کو تین روز قبل خط بھی لکھا۔

خط میں انہوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وینز میں گیس سلنڈرز کے استعمال پر پابندی پر عملدرآمد نہیں کیا جا رہا، طلباء کے محفوظ سفر کے لیے ہنگامی اقدامات کئے جائیں، ٹرانسپورٹ مالکان کو 3 ماہ کا وقت دیا گیا تھا تاہم وہ پابندی پر عملدرآمد نہیں کررہے۔