
کراچی (نمائندہ رنگ نو )ہمیں علامہ اقبال اور شہید حکیم محمد سعید کی حیات سے یہ سبق ملتا ہے کہ بڑے مقاصد کے حصول کے لیے مسلسل غور و فکر اور
فکری یکسوئی ضروری ہےاور دوسرا وقت ہمارے پاس ایک امانت ہے۔ ہمیں ہر لمحے کی قدر کرنی چاہیے اور اپنے مقصد سے وابستہ رہنا چاہیے۔تیسری اہم چیز علم ہے۔علم حاصل کرنے کا جذبہ ہمیشہ اپنے اندر قائم رکھیں۔ ان خیالات کا اظہار ’ادارہ کاروانِ اقبال‘ کے مہتمم ڈاکٹر ظفر اقبال نے گزشتہ روز ہمدرد فائونڈیشن پاکستان کی صدر محترمہ سعدیہ راشد کے منتخب کردہ موضوع’’افکارِ اقبال اور موجودہ پاکستان‘‘ پر بیت الحکمہ آڈیٹوریم، مدینۃ الحکمہ میں منعقدہ ہمدرد نونہال اسمبلی کراچی کے اجلاس میں کیا۔ اجلاس کی نظامت اسپیکر نونہال اسمبلی ارفہ نور(ہمدرد پبلک اسکول) نے انجام دی۔
ڈاکٹر ظفر اقبال نے کہا اللہ تعالیٰ نے انسان کو خدمت انسانیت کے عظیم مقصد کے لیے منتخب فرمایا اور واضح کیا کہ اس کی اطاعت کرنے والے بندے اس مقصدِ انسانیت کو آگے بڑھائیں گے۔ سلسلۂ نبوت کے اختتام کے بعدہر دور میں ملّت پر عظیم شخصیات کا سایہ شفقت رہا ہے۔یہی عظیم لوگ ہمارے رہبر، ہمارے مفکر اور ہمارے لیے رول ماڈل ہیں ۔علامہ اقبال اور شہید حکیم محمد سعید انہی عظیم شخصیات میں سے ہیں، جن کے افکار اور قائم کردہ ادارے مسلسل مایوسی کے اندھیروں کو ختم کرنے اور امید کے چراغ روشن کرنے کا کام کر رہےہیں۔ مجھے یقین ہے کہ ان شاء اللہ ایک اچھا وقت ضرور آئے گا۔
اُنہوں نے مزید کہا آج اگر آپ ہمارے معاشرے کا جائزہ لیں تو سرکاری محفلوں، اخبارات، میڈیا، مذاکروں اور سوشل میڈیا پر مایوسی پھیلانے والے پیغامات کی بھرمار نظر آتی ہے۔ بعض اوقات نوّے فیصد سے زیادہ پیغامات ایسے ہوتے ہیں جو لوگوں میں فرسٹریشن اور ناامیدی پیدا کرتے ہیں۔ ایسے میںہمیں اقبال کا پیغام یاد رکھنا چاہیے۔ اقبال نے اپنے دور کی مایوسی کو ختم کرنے اور مسلمانوں میں امید پیدا کرنے کی کوشش کی۔ انہیں یقین تھا کہ دنیا کے حالات بدلیں گے، دلوں میں توحید کا پیغام دوبارہ زندہ ہوگا اور انسان اپنے خالق کو پہچان کر اچھائی کی طرف لوٹے گا۔اقبال کا یہ پیغام آج بھی ہمارے لیے مشعلِ راہ ہے۔ ہمیں اسی امید اور یقین کے ساتھ آگے بڑھنا ہے۔ اندھیرے دور ہوں گے اور ان شاء اللہ آنے والا ہر وقت ہمارے لیے پہلے سے بہتر ثابت ہوگا۔
اس سے قبل صدارتی خطبے میں محترمہ سعدیہ راشد نے کہا علامہ اقبال نے اپنی شاعری کے ذریعے مسلمانان برصغیر میں خود اعتمادی، بیداریِ فکر اور جذبہ ِ عمل پیدا کیا۔ اُن کے فلسفے میں تصورِ خودی کو بنیادی اہمیت رہی کیوں کہ خودی سے انسان اپنی ذات کو پہچانتا اور اپنی صلاحیتوں پر اعتماد کرتے ہوئے بلند پایہ مقاصد کے حصول کے لیے جدوجہد کرسکتا ہے۔ علامہ اقبال چاہتے تھے کہ نوجوان مشکلات سے گھبرانے کی بجائے ہمت، عزم اور محنت سے اپنی منزل حاصل کریں۔ آج علامہ کے افکار کی پہلے سے کہیں زیادہ ضرورت ہے۔ نئی نسل کوچاہیے کہ علم حاصل کرنے کے ساتھ دیانت داری، نظم و ضبط اور احساسِ ذمےداری جیسے قیمتی جذبات اپنے اندر پیدا کریں۔
ہمیں یاد رکھنا ہوگا کہ ملک کی ترقی صرف حکومت کی ذمےداری نہیں بلکہ ہر شہری کا فرض ہے۔جب ہم اپنے فرائض ایمان داری سے ادا کریں گے، قانون کا احترام کریں گے اور دوسروں کے حقوق کا خیال رکھیں گے تو ایک بہتر اور مضبوط معاشرہ تشکیل پائے گا۔ آپ سب پاکستان کا مستقبل ہیں۔ آپ میں سے ہر ایک کے اندر کوئی نہ کوئی صلاحیت موجود ہے۔ اُسے پہچانیے، تعلیم کو اپنا قیمتی سرمایہ بنائیے اور اپنے کردار کو مضبوط بنائیں۔
نونہال مقررین قائد ایوان عائزہ ارسلان (ہمدرد پبلک اسکول)، قائد حزبِ اختلاف شیخ ارحم بن عامر(ہمدرد پبلک اسکول)،محمد یعقوب ملک (نیو اسٹینڈرڈ اسکول)، سیدہ ماریہ (اوسس انگلش اسکول)، نازش خان (ہمدرد ولیج اسکول) اور رائو مناہل (عظیمی پبلک اسکول) نے کہا کسی قوم کا مرکز محض ایک جغرافیائی خطہ نہیں ہوتا بلکہ اس کے نظریات، اقدار، اصول اور قومی مقاصد ہوتے ہیں۔ جب کوئی قوم اپنے فکری مرکز اور بنیادی نظریات سے دور ہو جاتی ہے تو اس کی قومی شناخت اور اجتماعی ترقی بھی متاثر ہونے لگتی ہے۔ موجودہ پاکستان اقبال کے افکار، نظریات اور تصورِ مملکت کی حقیقی عملی تعبیر نہیں ہے۔ اقبال نے نوجوانوں کو صداقت اور شجاعت کا سبق دیتے ہوئے انہیں دنیا کی امامت کے لیے تیار کیاتھا۔ہمیں پاکستان کو علامہ اقبال اور شہید حکیم محمد سعید کے افکار کے مطابق ڈھالنا ہے۔
موضوع کی مناسبت سے روز ہائوس گرامر اسکول کے طلبہ نے ٹیبلو پیش کیا۔ اختتام پر ہمدرد پبلک اسکول کے طلبہ نے دعائے سعید پیش کی۔



































