
واشنگٹن ( ویب ڈیسک ،فوٹو فائل )امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ جاری جنگ ’’بہت جلد‘‘ ختم ہو جائے گی، تاہم انہوں نے جنگ کے خاتمے کیلئے کوئی
واضح ٹائم فریم یا جنگ بندی سے متعلق تفصیلات فراہم نہیں کیں۔
عرب میڈیا کے مطابق صدر ٹرمپ نے ایک بار پھر اپنے مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران کو جوہری ہتھیار بنانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ٹرمپ کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ثالثوں کے ذریعے امریکا اور ایران کے درمیان بالواسطہ رابطے جاری ہیں اور جنگ کے خاتمے کے لیے سفارتی کوششیں بھی کی جا رہی ہیں۔
دوسری جانب ایران کے پاسدارانِ انقلاب نے نومبر میں ہونے والے امریکی وسط مدتی انتخابات سے قبل امریکی ووٹرز کے نام ایک کھلا خط جاری کیا ہے، خط میں امریکی ووٹرز سے ٹرمپ کی پالیسیوں کو مسترد کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ کو تبدیل کیا جانا چاہیے۔
ایران مسلسل اس الزام کی تردید کرتا رہا ہے کہ وہ جوہری ہتھیار تیار کرنے کی کوشش کر رہا ہے، جبکہ تہران اپنے جوہری پروگرام کو پُرامن مقاصد کے لیے قرار دیتا ہے۔ دوسری جانب صدر ٹرمپ کا مؤقف ہے کہ ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
عرب میڈیا کے مطابق آبنائے ہرمز کے راستے تیل کی ترسیل بھی جنگ سے پہلے کی سطح کے قریب پہنچ گئی ہے۔ گزشتہ ہفتے اس راستے سے یومیہ اوسطاً 13.2 ملین بیرل تیل کی ترسیل ہوئی، تاہم خطے میں حملوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔



































