
واشنگٹن( ویب ڈیسک ،فوٹو فائل ) امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دھمکی دی ہے کہ اگر تہران کے ساتھ جاری مذاکرات کسی حتمی معاہدے تک نہ پہنچے تو
امریکا نئے سال کے بعد ایران کیخلاف دوبارہ فوجی کارروائی شروع کرنے کیلئے ہر طرح سے تیار ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے ساتھ بالواسطہ مذاکرات کا سلسلہ بدستور جاری ہے، تاہم ایرانی حکام موجودہ معاہدے کے معاملے میں کسی قسم کی سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کر رہے جو تشویشناک صورتحال ہے۔انہوں نے ایرانی مذاکرات کاروں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں پروفیشنل ٹیپ ڈانسرز قرار دیا اور کہا کہ وہ صرف طویل گفتگو میں وقت ضائع کرتے ہیں مگر کسی ٹھوس نتیجے پر پہنچنے سے مسلسل گریز کر رہے ہیں جو کہ ایک بڑی رکاوٹ ہے۔
امریکی صدر نے مزید کہا کہ ایران ماضی کی نسبت اب زیادہ جارحانہ رویہ اپنائے ہوئے ہے اور سفارتی سطح پر مذاکرات کرنے کے ساتھ ساتھ خطے میں کشیدگی کو مزید ہوا دے رہا ہے ،جس سے عالمی امن اور علاقائی استحکام کو شدید خطرات لاحق ہو چکے ہیں۔انہوں نے خبردار کیا کہ اگر جاری سفارتی کوششیں ناکامی سے دوچار ہوئیں تو امریکا نئے سال کے بعد ایران کے خلاف فوجی طاقت کا استعمال کرنے کیلئےتیار ہے، ان کا کہنا تھا کہ ایران کو اس طرزِ عمل کے نتائج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
ٹرمپ نے آبنائے ہرمز میں امریکی بحری ناکہ بندی کو چیلنج کرنے والے ایرانی بحری جہازوں کو بھی کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر کوئی ایرانی جہاز ناکہ بندی توڑنے کی کوشش کرے گا تو اسے سمندر کی تہہ تک پہنچا دیا جائے گا،امریکی صدر نے ایران میں حکومت مخالف مظاہروں پر بھی تبصرہ کیا اور مظاہرین کی حمایت کرتے ہوئے انہیں اپنا احتجاج جاری رکھنے کا پیغام دیا۔




































