
تہران( ویب ڈیسک ،فوٹوفائل)ایران کےوزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ امریکی حملوں میں جاں بحق ہونے والے شہریوں کا خون رائیگاں نہیں جانے
دیا جائے گا اور ملک کے دفاع کے لیے آخری سانس تک ڈٹے رہیں گے۔
اپنے بیان میں عباس عراقچی نے کہا کہ ایران اپنی خودمختاری، عوام اور سرزمین کے دفاع سے کسی صورت دستبردار نہیں ہوگا ،اور امریکی حملوں کا مؤثر جواب دیا جائے گا۔
دوسری جانب ایرانی حکومت نے صوبہ ہرمزگان میں امریکی حملوں کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے آٹھ شہریوں کی تصاویر جاری کر دی ہیں۔ ایرانی حکام کے مطابق شہداء میں چار خواتین، دو معذور بھائیوں سمیت چار مرد شامل ہیں۔
عباس عراقچی نے بندر خمیر میں امریکی حملے میں جاں بحق ہونے والے تین شہریوں کی تصاویر بھی جاری کرتے ہوئے کہا کہ یہ تینوں معصوم دیہاتی بندر خمیر پل سے گزر رہے تھے کہ انہیں نشانہ بنایا گیا،ایرانی میڈیا کے مطابق گزشتہ شب امریکی حملوں میں جنوبی ایران کے شہر جسک میں بجلی کی تنصیبات اور ڈی سیلینیشن پلانٹ کے پمپ کو بھی نشانہ بنایا گیا، جس سے بنیادی شہری انفرااسٹرکچر کو نقصان پہنچا۔
واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں امریکا کی جانب سے ایران کے مختلف علاقوں میں پلوں اور دیگر بنیادی انفرااسٹرکچر پر حملے کیے گئے ہیں، جن کے نتیجے میں جانی و مالی نقصان کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔



































