
ام حسن
آج کل غزہ کے حالات دیکھ اور سن کر دل میں ایک ہی سوال اٹھتا ہے، کیا ہم واقعی انسان کہلانے کے لائق ہیں؟
انسان تو وہ تھا جسے اللہ تعالیٰ نے اشرف المخلوقات بنایا تھا، اس کے شعور کی وجہ سے مگر جب یہی شعور انسان سے ختم ہو جائے تو وہ جانور سے بھی برا ہو جاتا ہے۔
کل ایک ویڈیو نظر سے گزری۔ ایک بکری کا بچہ اوپر پھنسا ہوا تھا اور وہ بکری لاکھ کوششوں کے باوجود اپنے بچے کو نیچے نہیں اتار پا رہی تھی۔ یہ منظر ایک گدھا دیکھ رہا تھا۔ وہ آگے بڑھا، اس نے اپنی کمر پیش کر دی اور بکری اس کے اوپر چڑھ کر اپنے بچے کو اتارنے میں کامیاب ہو گئی۔یہ منظر دیکھ کر دل کانپ گیا۔ کیا ہم اس گدھے سے بھی نیچے گر گئے ہیں؟ جس جانور کو ہم بے وقوف سمجھتے ہیں، اس میں بھی دوسرے کے درد کو سمجھنے کا شعور تھا، مگر ہم انسانوں میں نہیں رہا۔
وہاں غزہ میں خیمے اکھڑ گئے ہیں، خیموں میں پانی آ گیا ہے، بچے سسک رہے ہیں اور اس کے باوجود وہ خونی درندہ اپنی درندگی سے باز نہیں آ رہا اور ہم تمام انسان خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔
غزہ کا ایک بچہ ہم سے کہہ رہا ہے کہ یہ مشکل اور کٹھن وقت ہم پر آ گیا ہے۔ افسوس صرف اس بات پر ہے کہ عربوں نے ہمیں چھوڑ دیا۔ ہم اللہ سے دعا کرتے ہیں کہ وہ بارش تیز نہ کرے۔ ہم اللہ کے علاوہ کسی کو نہیں پکارتے، اللہ کے سوا ہمارا کوئی نہیں۔ اور ہم ہی وہ خوش قسمت ہیں جنہیں آزمایا جا رہا ہے۔
یہ بات سن کر رسول اللہ ﷺ کی وہ حدیث یاد آ جاتی ہے۔ آپ ﷺ نے فرمایا تھا کہ ایک وقت آئے گا جب تم پر لوگ ایسے ٹوٹ پڑیں گے جیسے دسترخوان پر بھوکے ٹوٹ پڑتے ہیں۔ صحابہؓ نے پوچھا: یا رسول اللہ! کیا اس وقت ہم تعداد میں کم ہوں گے؟ آپ ﷺ نے فرمایا: نہیں، تم تعداد میں بہت زیادہ ہو گے، لیکن سمندر کے جھاگ کی طرح ہو گے، اور تمہارے دلوں میں "وہن" پیدا ہو جائے گا۔
صحابہؓ نے پوچھا: یا رسول اللہ! وہن کیا چیز ہے؟ آپ ﷺ نے فرمایا: دنیا سے محبت اور موت سے خوف۔
آج ہم پر وہی وقت آ چکا ہے۔ ہم دنیا کی لذتوں میں پڑے ہوئے ہیں۔ ہمیں اس سے پرواہ ہی نہیں کہ ہم اپنے مسلمان بہن بھائیوں کی مدد کیسے کر سکتے ہیں۔ بائیکاٹ کر کے، ان کے لیے پیسے بھیج کر، ان کو اپنی دعاؤں میں یاد کر کے۔کل کو اگر ان میں سے کوئی بچہ میدانِ حشر میں ہمارے خلاف حجت کے لیے کھڑا ہو گیا تو ہم کیا جواب دیں گے؟
یہ سوال صرف ایک سوال نہیں، یہ ہم سب کے ضمیر پر ایک دستک ہے۔



































