
اسلام آباد ( ویب ڈیسک ،فوٹو فائل ) وزیرِ اعظم شہباز شریف نے وفاقی وزراء کی حالیہ بیان بازی کا نوٹس لیتے ہوئے تمام وفاقی کابینہ کے ارکان کو ایک
دوسرے کے خلاف سیاسی بیان بازی سے گریز کرنے کی ہدایت کر دی۔
وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیرِ اعظم نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کی تمام تر توجہ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر مرکوز ہے، حکومت معاشی استحکام سے پائیدار معاشی ترقی کی جانب سفر جاری رکھے ہوئے ہے۔
وزیرِ اعظم نے ہدایت کی ہے کہ وفاقی کابینہ کے تمام وزراء ایک دوسرے کے خلاف سیاسی بیان بازی سے گریز کریں اور باہمی معاملات افہام و تفہیم اور اتفاقِ رائے سے آگے بڑھائیں۔وزیرِ اعظم شہباز شریف نے یہ بھی کہا ہے کہ سیاسی استحکام کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہم سب کا فرض ہے۔
وزیر اعظم نے کہا ہے کہ الحمدللّٰہ! پاکستان کو عالمی اور سفارتی محاذ پر بھی متعدد اہم کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں، وفاقی حکومت نے ہمیشہ تعمیر و ترقی کی سیاست کو فروغ دیا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ وزراء کی ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی سے منفی تاثر پیدا ہوتا ہے اور تعمیر و ترقی کی سیاست سے توجہ ہٹتی ہے۔
وزیرِ اعظم نے کہا ہے کہ وفاقی وزراء اچھا کام کر رہے ہیں، انہیں اپنی تمام تر توجہ عوامی خدمت اور تعمیر و ترقی پر مرکوز رکھنی چاہیے۔صوبائی حکومتوں کے نمائندوں کو بھی ایسی بیان بازی سے گریز اور مثبت بات چیت کو فروغ دینے کی ہدایت کرتے ہوئے واضح کیا کہ ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی مکمل طور پر بند ہونی چاہیے۔




































