
کراچی ( تعلیم ڈیسک )کراچی میں سندھ بھر کے تعلیمی نظام کے نئے شیڈول کی حتمی منظوری دے دی گئی جس کے تحت میٹرک کے سالانہ امتحانات 31
مارچ سے جبکہ انٹرمیڈیٹ کے امتحانات 15 اپریل سے شروع ہوں گے،یہ فیصلہ محکمہ تعلیم سندھ کی اسٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا، جو جمعرات کو وزیرِ تعلیم سردار علی شاہ کی صدارت میں منعقد ہوا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ نویں اور دسویں جماعت کے امتحانات عید کے بعد 31 مارچ سے لیے جائیں گے، جبکہ میٹرک کے اختتام کے تقریباً 15 دن بعد انٹرمیڈیٹ کے امتحانات کا آغاز 15 اپریل سے ہوگا۔ اس کے ساتھ نئے تعلیمی سیشن 2026-27 کو یکم اپریل سے شروع کرنے کی بھی باقاعدہ منظوری دی گئی تاکہ تعلیمی نظام کو منظم انداز میں چلایا جا سکے۔
اسٹیئرنگ کمیٹی نے نتائج کے اجرا کے حوالے سے بھی واضح ٹائم لائن مقرر کی ہے: میٹرک کے نتائج یکم جون تک اور انٹرمیڈیٹ کے نتائج 15 جون تک طلبہ کے سامنے رکھ دیے جائیں گے، تاکہ اعلیٰ تعلیم میں داخلے کے عمل میں تاخیر نہ ہو اور طلبہ بروقت رہنمائی حاصل کر سکیں۔
اجلاس میں یونیفارم ایگزامینیشن سلیبس کے نفاذ پر بھی غور کیا گیا، جسے فی الحال موخر کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ کمیٹی نے طے کیا کہ نویں اور دسویں جماعت میں نیا نصاب آئندہ سال یعنی 2027 کے امتحانات سے نافذ کیا جائے گا تاکہ طلبہ اور اساتذہ کو مناسب تیاری کا موقع مل سکے۔
تعطیلات کے شیڈول پر بھی غور کیا گیا، جس کے مطابق موسمِ گرما کی چھٹیاں یکم جون سے 31 جولائی تک اور موسمِ سرما کی تعطیلات 22 دسمبر سے 31 دسمبر تک برقرار رہیں گی، تاہم اگر موسم کی شدت کے پیشِ نظر کسی تبدیلی کی ضرورت محسوس ہوئی تو اپریل میں اسٹیئرنگ کمیٹی کا ایک اور اجلاس بلا کر اس پر نظر ثانی کی جا سکتی ہے۔



































