
رپورٹ: اشعر عالم عماد
شاعرِ مشرق، مفکرِ پاکستان حضرت علامہ محمد اقبال کے 150ویں یومِ ولادت کے سلسلے میں دانش گاہِ اقبال کے زیرِ اہتمام، آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی
(ایسٹ) کے اشتراک سے ایوانِ جوش میں ایک پروقار علمی و ادبی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کی صدارت ممتاز دانش ور اور صاحبِ طرز ادیب پروفیسر خیال آفاقی نے کی جب کہ شہر کی علمی، ادبی اور فکری شخصیات کے علاوہ ماہرینِ اقبالیات اور اہلِ قلم کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب میں ڈاکٹر فاطمہ حسن، ڈاکٹر عابد شیروانی ایڈووکیٹ، ڈاکٹر رئیس احمد صمدانی، ڈاکٹر افتخار ملک ایڈووکیٹ، ڈاکٹر رانا خالد محمود قیصر، ڈاکٹر ساجدہ پروین سمیت دیگر اہلِ دانش نے شرکت کی۔ پروگرام کی نظامت کے فرائض حنا خراسانی رضوی نے انجام دیے۔
تقریب کا آغاز ڈاکٹر فیاض شاہین کی پرسوز آواز میں کلامِ اقبال کی مترنم پیش کش سے ہوا، جس نے محفل کو فکرِ اقبال کی روحانی اور فکری فضا سے ہم آہنگ کردیا۔ بعدازاں علمی نشست میں ’’دورِ جدید کا اقبال‘‘ کے مرکزی موضوع کے تحت ڈاکٹر ساجدہ پروین، ڈاکٹر رانا خالد محمود قیصر، ڈاکٹر افتخار ملک ایڈووکیٹ اور ڈاکٹر رئیس احمد صمدانی نے اپنے تحقیقی و فکری مقالات پیش کیے۔ مقررین نے علامہ اقبال کے افکار، ان کے فلسفۂ خودی، تصورِ ملت اور عصرِ حاضر کے فکری و تہذیبی مسائل کے تناظر میں اقبال کی معنویت پر اظہارِ خیال کیا۔
اس موقع پر اقبال اکادمی کی رکن ڈاکٹر فاطمہ حسن نے تقریب کے انعقاد کو سراہتے ہوئے دانش گاہِ اقبال کے بانی و چیئرمین ڈاکٹر عابد شیروانی ایڈووکیٹ کو اس علمی و ادبی کاوش پر زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے علامہ اقبال کی شخصیت، کردار اور فکری عظمت کے مختلف پہلوؤں پر اپنا مقالہ پیش کرتے ہوئے اس امر کو اجاگر کیا کہ اقبال محض ایک عظیم شاعر ہی نہیں، بلکہ ایک ہمہ جہت مفکر اور صاحبِ کردار رہنما بھی تھے۔
تقریب کے روحِ رواں ڈاکٹر عابد شیروانی ایڈووکیٹ نے شرکائے محفل کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اپنے مخصوص علمی اور استدلالی انداز میں ’’پاکستان ناگزیر تھا‘‘ کے موضوع پر گفتگو کا آغاز کیا۔
انہوں نے قرآنی حوالوں کی روشنی میں حضرت یوسفؑ اور حضرت موسیٰؑ کی زندگی کے واقعات بیان کرتے ہوئے واضح کیا کہ اللہ تعالیٰ کی مشیت کس طرح نامساعد حالات میں بھی اپنے مقاصد کی تکمیل کے لیے راستے پیدا کرتی ہے۔ انہوں نے گاندھی کے منہ سے ادا ہونے والے بعض الفاظ کو بھی اسی تناظر میں مشیتِ الٰہی کے ایک اہم پہلو کے طور پر بیان کیا۔
ڈاکٹر عابد شیروانی نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے اس مبینہ خط کا بھی حوالہ دیا جسے ان دنوں علامہ اقبال کے تصورِ پاکستان کے خلاف دلیل کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے اس خط کے حوالے سے پھیلائے جانے والے تاثر پر تنقید کرتے ہوئے تاریخی حقائق اور مستند حوالوں کی روشنی میں علامہ اقبال کے 1930ء کے خطبۂ الہ آباد کو پیش کیا۔ انہوں نے مدلل انداز میں واضح کیا کہ اقبال کے تصورِ پاکستان کو سمجھنے کے لیے ان کی تحریروں، خطبات اور تاریخی پس منظر کا غیر جانب دارانہ مطالعہ ناگزیر ہے۔ ان کی گفتگو کا مرکزی نکتہ یہ تھا کہ تاریخی شخصیات اور ان کے افکار کے بارے میں رائے قائم کرتے وقت مستند شواہد اور علمی دیانت کو بنیاد بنایا جانا چاہیے۔

تقریب کے اختتام سے قبل صدرِ محفل پروفیسر خیال آفاقی نے اپنے صدارتی خطاب میں دانش گاہِ اقبال کی علمی و فکری سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے ڈاکٹر عابد شیروانی کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے بالخصوص نئی نسل کو فکرِ اقبال سے روشناس کرانے کے لیے دانش گاہِ اقبال کی کاوشوں کو قابلِ قدر قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اقبال کے افکار کو محض شاعری تک محدود رکھنے کے بجائے ان کے فکری سرچشموں کو سمجھنا ضروری ہے۔ انہوں نے نوجوان نسل پر زور دیا کہ وہ فکرِ اقبال کی گہرائی تک رسائی کے لیے قرآنِ حکیم کا مطالعہ کریں، کیوں کہ اقبال کے فلسفے اور تصورِ حیات کی اساس قرآنی تعلیمات سے گہرا تعلق رکھتی ہے۔
تقریب کے ایک اہم حصے میں دانش گاہِ اقبال کی جانب سے منعقد ہونے والی ہفتہ وار علمی مجالس میں بطور صدر خدمات انجام دینے والی شخصیات کو اعزازی شیلڈز، گلدستے اور روایتی اجرک پیش کی گئیں، جب کہ مجالس میں شریک مقررین کو خصوصی ایوارڈز سے نوازا گیا۔ تقریب میں شریک تمام مہمانوں کو بھی اجرک کے تحائف پیش کیے گئے۔ مہمانوں کی تواضع کے لیے دورانِ تقریب چائے اور اختتام پر پرتکلف ضیافت کا اہتمام کیا گیا تھا۔
اس پروقار اور کامیاب تقریب کے انعقاد میں دانش گاہِ اقبال کی ٹیم نے بھرپور معاونت کی۔ اس موقع پر ادارے کے بانی و چیئرمین ڈاکٹر عابد شیروانی نے اپنی ٹیم کے ارکان کشور عروج، اشعر عالم عماد، شہزاد سلطانی، خوشی محمد انصاری اور دیگر رفقا کی خدمات کو خصوصی طور پر سراہتے ہوئے انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔

بلاشبہ علامہ اقبال کے 150ویں یومِ ولادت کے حوالے سے منعقدہ یہ علمی و ادبی نشست محض ایک رسمی تقریب نہیں تھی، بلکہ فکرِ اقبال کو عصرِ حاضر کے تناظر میں سمجھنے، اس پر مکالمے کو فروغ دینے اور نئی نسل کو اپنے فکری و تہذیبی ورثے سے جوڑنے کی ایک بامقصد کوشش تھی۔ دانش گاہِ اقبال کی یہ کاوش اس حقیقت کی یاد دہانی بھی تھی کہ اقبال کا پیغام کسی ایک عہد یا نسل تک محدود نہیں، بلکہ ہر دور کے انسان کے لیے فکری رہنمائی کا ایک روشن حوالہ ہے۔



































