
کراچی( ویب ڈیسک ) عالمی اور مقامی سطح پر سونے اور چاندی کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس
سونے کی قیمت میں 37 ڈالر کی کمی دیکھی گئی جس کے بعد سونا 4 ہزار 601 ڈالر فی اونس کی سطح پر آ گیا ہے۔
عالمی مارکیٹ میں تین روزہ وقفے کے بعد سونے کی قیمت میں آنے والی اس کمی کے اثرات مقامی صرافہ بازاروں میں بھی نمایاں رہے۔ جمعرات کو مقامی مارکیٹ میں 24 قیراط فی تولہ سونے کی قیمت 3 ہزار 700 روپے کی کمی سے گھٹ کر 4 لاکھ 82 ہزار 462 روپے ہو گئی۔
اسی طرح فی دس گرام سونے کی قیمت میں بھی 3 ہزار 172 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد نئی قیمت 4 لاکھ 13 ہزار 633 روپے کی سطح پر آ گئی۔
ادھر چاندی کی قیمتوں میں بھی کمی کا رجحان دیکھا گیا۔ مقامی مارکیٹ میں فی تولہ چاندی 150 روپے سستی ہو کر 9 ہزار 425 روپے جبکہ فی دس گرام چاندی کی قیمت 129 روپے کی کمی سے 8 ہزار 080 روپے کی سطح پر آ گئی۔



































