اسلام آباد(ویب دیسک،فوٹو فائل) پاکستان اورقطرنےدونوں ممالک کےسیکیورٹی اداروں کےدرمیان روابط مضبوط بنانےاورمنشیات کی غیر قانونی اسمگلنگ کے خاتمے کے لیے مشترکہ کوششیں تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس حوالے سے اسلام آباد میں دو اہم دستاویزات پر دستخط کیے گئے۔
وزیراعظم شہباز شریف سے قطر کے وزیر داخلہ اورکمانڈرانٹرنل سیکیورٹی فورس (لخویا) شیخ خلیفہ بن حمد بن خلیفہ الثانی نے اپنے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔ اس نشست میں دونوں ملکوں کے باہمی تعلقات، داخلی سلامتی اور مختلف شعبوں میں شراکت داری کو آگے بڑھانے کے امکانات پر گفتگو ہوئی۔
وزیراعظم نے قطری مہمان کو پاکستان کے پہلے دورے پر خوش آمدید کہا اور دونوں ممالک کے درمیان قائم دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور قطر کے درمیان معاشی تعاون کو تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، لائیو اسٹاک، انفارمیشن ٹیکنالوجی، معدنیات اور کان کنی سمیت کئی شعبوں تک پھیلایا جاسکتا ہے۔
شہباز شریف نے قطر کی جانب سے پاکستان کو مائع قدرتی گیس کی مسلسل فراہمی کو سراہتے ہوئے قطری قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے بتایا کہ تقریباً تین لاکھ پاکستانی قطر میں کام کر رہے ہیں اور اس کی ترقی میں اپنا حصہ ڈال رہے ہیں۔
اس موقع پر قطری وزیر داخلہ نے پاکستان میں پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر وزیراعظم سے اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے امیر قطر کی جانب سے نیک تمناؤں کا پیغام بھی پہنچایا اور خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کو قابلِ ستائش قرار دیا۔
ملاقات کے دوران طے پانے والے تعاون کو عملی شکل دینے کے لیے قطر کی داخلی سلامتی فورس لخویا اور پاکستان کی وفاقی کانسٹیبلری کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔ اس کے علاوہ منشیات کی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے دونوں ممالک نے مشترکہ لائحہ عمل بھی منظور کیا۔
دستاویزات پر قطر کی جانب سے شیخ خلیفہ بن حمد بن خلیفہ الثانی جبکہ پاکستان کی طرف سے وفاقی وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی نے دستخط کیے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے دستخطوں کی تقریب میں شرکت کی۔
اس اہم ملاقات میں وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک، وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری، وزیراعظم کے معاون خصوصی سید طارق فاطمی، توانائی امور کے معاون خصوصی لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد ظفر اقبال اور دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک ہوئے۔
ملاقات کے اختتام پر وزیراعظم نے قطری وزیر داخلہ اور ان کے وفد کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام کیا۔




































