
ثروت کوثر
دنیا کا پہلا مرد جو میری زندگی میں آیا وہ میرا عظیم والد محترم ،میرا رہنما اور میرااستاد اور اپنی شخصیت میں ایک بہترین تربیت گاہ ۔۔۔۔۔
جب سے ہوش سنبھالا والدہ کی بہترین پرورش اور والد کی مثالی تربیت میرے حصّے میں آئی چونکہ دن کی مناسبت سے صرف مرد پر ہی قلم اٹھانا مقصود ہے تو میں آج جو کچھ ہوں اور جس مقام پر ہوں ان ہی کی بدولت ہوں۔
دینی تعلیم ہو یا دنیاوی معلومات غرض وہ ہر معاملے میں میرے لئے ایک رہنما ، ایک اسکالر ،ایک استاد سے کم نہ تھے بلکہ یہ کہنا بےجا نہ ہوگا کہ آج کل کے دور میں کوئی بھی والد اتنی مکمل اور جامع تربیت نہ کر سکتا کیونکہ اب تعلیم یافتہ تو بہت ہیں پر بہترین تعلیم ہوتے ہوئے بھی بچے اچھی تربیت سے محروم ہیں۔
میرے والد نے بچپن ہی سے ہمیں ہر طرح کے آداب سکھائے ۔زندگی گزارنے کا ڈھنگ سکھایا ۔ ان کی روک ٹوک اور ڈانٹ ڈپٹ شاید بچپن میں بری محسوس ہوئی مگر وقت کے ساتھ یہ احساس ہوا کہ انہوں نے جو کچھ سکھایا وہ نہ صرف ہمارے بلکہ ہمارے بچوں کی تربیت کا حصّہ بن گیا اور یقیناً یہ صدقہ جاریہ ہے ۔
پر اعتماد، مضبوط اور ہر مشکل سے لڑنے کا ہنر سکھایا۔۔۔۔قرآن اور ابا ، قرآن کی محبت اور قرآن سے دوستی ۔۔ بچپن ہی سے ابا جی کو ایسا پایا۔۔۔۔
میرے والد میرے گھر کا ستون ،جرات و بہادری کی اعلیٰ مثال ، میرے گھر کے آنگن کے سر سبز و شاداب درخت۔۔۔ کسی نے کیا خوب کہا ہے کہ
"اگر لفظوں کی تعلیم کے ساتھ اس کی حرمت کا احساس بھی دلایا جائے تو تعلیم و تربیت دونوں ہوجاتی ہے "۔
آج جو تھوڑا بہت لکھنے کا فن مجھے حاصل ہے، اس کا اعزاز میرے والد محترم کو حاصل ہے اور بلاشبہ اوپر لکھے گئے جملے ہر طرح سے میرے والد کی شخصیت کی عکاسی کرتے ہیں ۔
آدابِ زندگی سکھائی
قدم قدم پہ کی رہنمائی
میرے مہکے گلستان کی ہے، پہچان میرے ابا جان



































