
کراچی ( شوبز ڈیسک ) کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز 6 میں واقع ایک فلیٹ سے معروف اداکارہ حمیرا اصغر علی مردہ حالت میں پائی گئیں۔ پولیس نے لاش کو تحویل میں لے کر
پوسٹ مارٹم مکمل کرلیا ہے، جب کہ میت سرد خانے منتقل کر دی گئی ہے۔ اداکارہ کا تعلق لاہور سے تھا، اور پولیس نے ان کے اہل خانہ سے رابطہ کرلیا ہے۔
ایس ایس پی ساؤتھ مہزور علی کے مطابق حمیرا اصغر گزشتہ سات برس سے مذکورہ فلیٹ میں تنہا مقیم تھیں۔ انہوں نے یہ فلیٹ 2018 میں کرائے پر لیا تھا، تاہم 2024 سے وہ کرایہ ادا نہیں کر رہی تھیں۔
کلفٹن کنٹونمنٹ بورڈ کی جانب سے مکان مالک نے کرایہ کی عدم ادائیگی پر عدالتی کارروائی کی تھی۔ عدالتی بیلف آج فلیٹ پر پہنچا، لیکن دروازہ بند پایا۔ دروازہ توڑ کر اندر داخل ہونے پر اداکارہ کی لاش کمرے کی فرش پر پڑی ملی، جس کے بعد فلیٹ کو سیل کر دیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے۔ مرحومہ کا موبائل فون قبضے میں لے کر اس کا ڈیٹا حاصل کرلیا گیا ہے۔ موت کی حتمی وجہ جاننے کے لیے کیمیکل ایگزامینیشن رپورٹ کا انتظار ہے، تاہم ابتدائی شواہد کے مطابق یہ قدرتی موت معلوم ہوتی ہے۔
پڑوسیوں کے مطابق حمیرا اصغر کم گو شخصیت تھیں اور عمارت کے دیگر رہائشیوں سے زیادہ میل جول نہیں رکھتی تھیں۔
واضح رہے کہ اداکارہ حمیرا اصغر پاکستانی رئیلیٹی شو 'تماشا گھر' کے پہلے سیزن میں حصہ لے چکی تھیں۔





































