
ایپوہ(اسپورٹس ڈیسک) سلطان اذلان شاہ ہاکی کپ میں پاکستان نے جنوبی کوریا کے خلاف 2-3 سے کامیابی
حاصل کرکے ٹورنامنٹ میں اپنی تیسری جیت درج کرلی۔
ملائیشیا کے شہر ایپوہ میں جاری ایونٹ کے اس مقابلے میں قومی ٹیم کی جانب سے حنان شاہد نے دو جبکہ رانا وحید اشرف نے ایک مرتبہ گیند کو جال کی راہ دکھائی۔ پاکستان نے کھیل کے آغاز ہی سے برتری حاصل کرلی، جب پانچویں منٹ میں رانا وحید اشرف نے پہلا گول اسکور کیا۔ بعدازاں 23ویں منٹ میں حنان شاہد نے دوسرا گول کرکے قومی ٹیم کی برتری 0-2 کردی۔
دوسرے ہاف میں جنوبی کوریا نے 35ویں منٹ میں گول کرکے خسارہ کم کیا، تاہم 53ویں منٹ میں حنان شاہد نے ایک اور گول داغ کر پاکستان کو 1-3 کی برتری دلا دی۔ کھیل کے آخری لمحات میں جنوبی کوریا نے پنالٹی کارنر کے ذریعے اپنا دوسرا گول اسکور کیا، لیکن مقابلہ 2-3 سے پاکستان کے نام رہا۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ پاکستان کے تینوں گول فیلڈ پلے کے ذریعے کیے گئے۔
اس کامیابی کے بعد پاکستان کے ٹورنامنٹ میں پوائنٹس کی تعداد 9 ہوگئی ہے۔ قومی ٹیم اب تک چار میچز میں سے تین جیت چکی ہے جبکہ اسے ایک مقابلے میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ پوائنٹس ٹیبل پر پاکستان تیسرے نمبر پر موجود ہے۔



































