
پونا( فن وفنکارڈیسک ) معروف بھارتی اداکار نانا پاٹیکر کی آخری رسومات جمعرات کی شب مہاراشٹرا کے شہر پونا میں واقع ان کے فارم ہاؤس پر سرکاری
اعزاز کے ساتھ ادا کردی گئیں، اس موقع پر ہزاروں مداحوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کرکے انہیں آخری الوداع کہا۔
اطلاعات کے مطابق 75 سالہ نانا پاٹیکر نے اپنی خواہش ظاہر کی تھی کہ ان کی آخری رسومات ان کے فارم ہاؤس پر ادا کی جائیں۔ اسی خواہش کے پیش نظر ان کی میت گوا سے پونا منتقل کی گئی۔
اس سے قبل اداکار کی میت گوا سے پونا انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچائی گئی، جہاں مہاراشٹرا کے وزیرِ اعلیٰ دیویندر فڈنویس نے انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔آخری رسومات میں مہاراشٹرا کی نائب وزیرِ اعلیٰ سونیترا پوار، مرکزی وزراء، اداکار مکرند انسپورے اور دیگر معروف شخصیات نے شرکت کی۔ بالی ووڈ اداکار جیکی شروف، ساجد، فلم ساز انیل شرما اور ساجد ناڈیاڈوالا سمیت فلمی دنیا سے وابستہ کئی شخصیات بھی اس موقع پر موجود تھیں۔
نانا پاٹیکر کو الوداع کہنے کے لیے سیاست، فلم، کھیل اور سماجی شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کے علاوہ بڑی تعداد میں مداح بھی فارم ہاؤس پہنچے،
اطلاعات کے مطابق نانا پاٹیکر جمعرات کی علی الصبح گوا میں اپنے گھر پر انتقال کرگئے تھے۔ ڈاکٹروں کی جانب سے ان کی موت کی وجہ دل کا دورہ پڑنے کا شبہ ظاہر کیا گیا۔
نانا پاٹیکر نے بھارتی فلم انڈسٹری میں اپنی منفرد اداکاری اور یادگار کرداروں کے ذریعے نمایاں مقام حاصل کیا۔ ان کی مشہور فلموں میں ’’کرانتی ویر‘‘ اور ’’خاموشی: دی میوزیکل‘‘ سمیت متعدد فلمیں شامل ہیں، جن میں ان کی اداکاری کو شائقین نے سراہا۔



































