
ثمینہ عباس
مرد کی عظمت صرف اس کے مضبوط کندھوں، بلند آواز یا معاشرے میں اس کے مقام سے نہیں پہچانی جاتی بلکہ اس کی اصل پہچان اس کے کردار، ذمہ
داریوں، محبت، قربانیوں اور اپنے خاندان کے لیے کی جانے والی بے لوث محنت سے ہوتی ہے۔ ایک باپ کی صورت میں مرد کا کردار اور بھی عظیم ہو جاتا ہے کیونکہ وہ اپنی خواہشات کو پسِ پشت ڈال کر اپنی اولاد کے خوابوں کو حقیقت کا روپ دینے میں اپنی پوری زندگی گزار دیتا ہے۔
آج یومِ مرد کے موقع پر میں اپنی زندگی کے سب سے اہم مرد، اپنے شفیق اور مہربان والد صاحب کو یاد کرنا چاہتی ہوںجو آج ہمارے درمیان موجود نہیں ہیں لیکن ان کی محبت، ان کی تربیت، ان کی قربانیاں اور ان کی دی ہوئی تعلیم آج بھی ہماری زندگیوں میں زندہ ہیں۔ ہمارے والد صاحب نہایت شفیق، مہربان، محبت کرنے والے اور اعلیٰ ظرف انسان تھے۔ اللہ تعالیٰ نے انہیں بیٹے سے نہیں بلکہ بیٹیوں سے نوازا تھا مگر کبھی بھی اس کمی کو ہماری زندگیوں میں محسوس نہیں ہونے دیا۔
وہ ہم سب بہنوں کو اپنا بیٹا سمجھتے تھے۔ ان کے نزدیک بیٹی ہونا کسی محرومی یا کمزوری کی علامت نہیں تھا۔ انہوں نے ہمیں ہمیشہ اعتماد دیا اور یہ بھی احساس دلایا کہ بیٹیاں بھی اپنے والدین کے لیے باعثِ فخر ہو سکتی ہیں۔ ہمارے والد صاحب نے ہماری تعلیم و تربیت کے لیے بے شمار قربانیاں دیں۔ اپنی خواہشات اور اپنی ضروریات کو پیچھے رکھا اور ہماری بہتر زندگی کے لیے جدوجہد کرتے رہے۔ انہوں نے صرف ہمیں اسکولوں اور کالجوں تک نہیں پہنچایا بلکہ اچھی تعلیم دلوائی، اچھے اخلاق سکھائے اور زندگی کے نشیب و فراز کا سامنا کرنے کا حوصلہ بھی دیا۔
تعلیم کے ساتھ ساتھ ہمیں کسی نہ کسی ہنر سے بھی آراستہ کروایا۔ وہ چاہتے تھے کہ ہم صرف تعلیم یافتہ ہی نہ ہوں بلکہ اپنے اندر کوئی ایسی صلاحیت بھی رکھیں جو ہمیں زندگی میں خود مختار اور بااعتماد بنا سکے،انہوں نے ہماری شخصیت کی تعمیر پر توجہ دی اور ہمیں اس قابل بنایا کہ ہم اپنی پہچان خود بنا سکیں۔ آج ہم جس مقام پر کھڑے ہیں، ان سب کامیابیوں کے پیچھے ہماری محنت کے ساتھ ہمارے والد صاحب کی برسوں کی جدوجہد، دعائیں اور قربانیاں شامل ہیں۔
باپ وہ ہستی ہے جو خود دھوپ میں جل کر اپنی اولاد کو سایہ فراہم کرتا ہےجو اپنی تھکن چھپا کر بچوں کے چہروں پر مسکراہٹ دیکھنا چاہتا ہے۔ شاید اولاد کو باپ کی قربانیوں کا احساس اس وقت نہیں ہوتا، جب تک وہ خود اپنی زندگی کی ذمہ داریوں کا بوجھ نہیں اٹھاتے۔ آج ہمارے والد صاحب اس دنیا میں موجود نہیں مگر ان کی کمی ہر خوشی اور ہر کامیابی کے موقع پر شدت سے محسوس ہوتی ہے۔
کاش ہم انہیں بتا سکتے کہ ابا جان، آپ کی محنت رائیگاں نہیں گئی اور آپ نے جن بیٹیوں کو اعتماد کے ساتھ زندگی گزارنا سکھایا تھا وہ آج بھی آپ کی دی ہوئی تربیت کو اپنا سرمایہ سمجھتی ہیں۔ آپ نے ہمیں صرف تعلیم نہیں دی بلکہ عزتِ نفس، خودداری، ہنر اور زندگی میں آگے بڑھنے کا حوصلہ دیا۔
یومِ مرد کے موقع پر میری نظر میں ایک عظیم مرد وہ ہے، جو اپنی بیٹیوں کو بوجھ نہیں بلکہ اپنی طاقت سمجھتا ہےجو انہیں دوسروں کے رحم و کرم پر چھوڑنے کی بجائے تعلیم اور ہنر سے آراستہ کرتا ہے۔ میرے والد صاحب میرے لیے ایسے ہی عظیم مرد تھے۔ وہ اب اس دنیا میں نہیں لیکن ان کی تربیت ہماری زندگیوں میں سانس لے رہی ہے۔ ان کا دیا ہوا اعتماد ہماری طاقت اور ان کی محبت ہمارا قیمتی سرمایہ ہے۔ ہمارے والد صاحب نے ہمیں بیٹا نہ ہونے کا احساس نہیں ہونے دیا بلکہ ہمیں اس قابل بنایا کہ ہم بیٹیاں ہو کر بھی ان کا فخر اور ان کی پہچان بن سکیں۔
ابا جان، اللہ تعالیٰ آپ کو اپنی رحمتوں کے سائے میں رکھے۔ آپ نے ہمیں زندگی گزارنے کا سلیقہ دیا، تعلیم دی، ہنر دیا۔ آج ہم جو کچھ بھی ہیں، اس میں آپ کی محنت اور قربانیوں کا بہت بڑا حصہ ہے۔ آپ کی بیٹیاں آج بھی آپ پر فخر کرتی ہیں اور کرتی رہیں گی۔ اللہ تعالیٰ تمام مرحوم والدین کی مغفرت فرمائے اور جن کے والدین حیات ہیں، انہیں صحت اور عزت و سکون والی زندگی عطا فرمائے۔ (آمین)



































