
ثمینہ ناہید
آخر کب تک عوام بنیادی سہولیات کے لیے اس طرح ذلیل و خوار ہوتی رہیں گے ؟ کیا اب اس ملک کے عام شہری کو اپنے گھر میں دو وقت کا کھانا پکانے
کے لیے اتنی مشکلات برداشت کرنا ہوں گی؟
سوئی گیس کی موجودہ صورتحال دیکھ کر ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے عوام کے ساتھ کوئی مذاق کیا جا رہا ہو۔ صبح پونے سات بجے گیس آتی ہے اور نو بجے بند ہو جاتی ہےپھر ساڑھے بارہ یا پونے ایک بجے کے قریب آتی ہے اور ڈھائی بجے دوبارہ بند ہو جاتی ہے۔ شام ساڑھے چھ یا پونے سات بجے گیس ملتی ہے اور رات نو بجے پھر بند کر دی جاتی ہے
آخر یہ کون سا نظام ہے؟ کیا کسی نے یہ سوچنے کی زحمت کی ہے کہ ان چند گھنٹوں میں ایک عام گھرانے کے تمام کام کیسے مکمل ہوں گے؟صبح بچوں کو اسکول بھیجنا ہے، گھر کے افراد کو ناشتے کے لیے کھانا دینا ہے، دوپہر کا کھانا تیار کرنا ہے۔ رات کے کھانے کی فکر الگ ہے۔ کیا گھروں میں رہنے والی خواتین کے پاس کوئی جادو کی چھڑی ہے کہ وہ چند گھنٹوں میں دن بھر کے تمام کام نمٹا لیں؟
سب سے زیادہ مشکلات ان خواتین کو پیش آتی ہیں جو اسکولوں اور دفاتر میں ملازمت کرتی ہیں۔ وہ صبح گھر سے نکلتی ہیں، اپنی ذمہ داریاں پوری کرتی ہیں اور جب ڈھائی تین بجے گھر واپس پہنچتی ہیں تو گیس بند ہوتی ہے۔ اب وہ اپنے بچوں کے لیے کھانا کیسے تیار کرکے دیں ؟ کیا وہ ملازمت چھوڑ دیں؟ یا اپنے بچوں کو بھوکا رکھیں؟
یہ بھی یاد رکھنا چاہیے کہ بہت سی خواتین سنگل مدر ہیں، جو تنہا اپنے بچوں کی کفالت کر رہی ہیں۔ وہ بڑی مشکل سے گھر کا خرچ پورا کرتی ہیں۔ اب وہ اپنی محدود آمدنی میں سے مہنگے سلنڈر بھی بھروائیں. بجلی کے بل بھی ادا کریں۔ بچوں کی ضروریات بھی پوری کریں اور گھر کا نظام بھی چلائیں؟
آخر غریب آدمی اپنی روٹی پوری کرے یا ان اضافی اخراجات کا بوجھ اٹھائے؟
ہر گھر میں اتنی مالی استطاعت نہیں ہوتی کہ وہ متبادل کے طور پر گیس سلنڈر خرید سکے اور بار بار بھرواتا رہے۔ پہلے ہی مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ رکھی ہے۔ بجلی کے بھاری بل، اشیائے خورونوش کی بڑھتی ہوئی قیمتیں اور روزمرہ زندگی کے بے شمار اخراجات نے عام آدمی کو پریشان کر رکھا ہے۔ ایسے میں گیس کی یہ بندش اس کی مشکلات میں مزید اضافہ کر رہی ہے۔
ہم کوئی غیر معمولی سہولت نہیں مانگ رہے۔ ہم صرف اپنے بنیادی حق کی بات کر رہے ہیں۔ گیس کوئی عیاشی نہیں بلکہ گھریلو زندگی کی بنیادی ضرورت ہے،اگر پورا دن گیس فراہم کرنا ممکن نہیں تو کم از کم اس کا ایک ایسا باقاعدہ شیڈول بنایا جائے جو عوام کی حقیقی ضروریات کو سامنے رکھ کر ترتیب دیا گیا ہو۔
مثلاً صبح سے سہ پہر تین بجے تک اور پھر شام پانچ بجے سے رات دس بجے تک گیس فراہم کی جائے تاکہ خواتین سکون سے ناشتہ ،دوپہر کا کھانا اور رات کا کھانا تیار کر سکیں ۔حکومت اور متعلقہ اداروں سے سوال ہے؟ کہ کیا کبھی کسی نے عام شہری کے گھر کے حالات کو سمجھنے کی کوشش کی ہے ؟کیا کبھی ماؤں کے بارے میں سوچا ہے جو ملازمت سے تھکی ہاری گھر لوٹتی ہیں؟ انہیں اپنے بچوں کے لیے کھانا بنانے کی فکر لاحق ہو جاتی ہے کیا کسی نے غریب خاندانوں کا سوچا ہے جن کے لیے ایک سلنڈر بھروانا بھی اضافی خرچہ ہے۔
عوام کو صرف بل ادا کرنے کے ذمہ داری یاد دلانا کافی نہیں، ہر ماہ بھاری بھاری بلوں کا بوجھ ان پر عذاب دیا جاتا ہے۔ ان کی بنیادی حقوق اور ضروریات کا خیال رکھنا بھی ضروری ہے۔ خدارا عوام کو اس قدر مجبور نہ کیا جائے؟ کہ دو وقت کی روٹی بھی ان کے لیے ایک امتحان بن جائے ۔عوام کو ذہنی اذیت دی جا رہی ہے۔ ایک عام شہری کو کم از کم اتنی سہولت تو دی جائے کہ وہ عزت کے ساتھ اپنے گھر کا چولہا جلا سکے۔ عوام کوئی رعایت نہیں مانگ رہی ،وہ صرف اپنے حق کی سہولت مانگ رہی ہے ۔آخر گھر کا چولہا جلانا بھی اب اتنا مشکل بنا دیا گیا ہے؟




































