
کشف زہرہ
ہمارا معاشرہ آج جس تیزی سے بدل رہا ہے، اس میں سب سے زیادہ متاثر ہونے والا رشتہ ساس اور بہو کا ہے۔ ہر دوسرے گھر میں یہی شکوہ ہے، ساس تنگ
ہے، بہو پریشان ہے۔ گھر میں بے سکونی ہے۔ بات طلاق تک جا پہنچتی ہے لیکن کیا ہم نے کبھی رک کر سوچا ہے کہ ایسا کیوں ہو رہا ہے؟ کیا پہلے ایسا ہوتا تھا؟ ہمارا مقصد کسی کو برا کہنا نہیں، بس ماضی کی روشنی میں آج کو سمجھنا ہے۔
پرانے دور کو یاد کریں تو دل خوش ہو جاتا ہے۔ اس وقت کم عمری میں شادیاں ہو جاتی تھیں۔ بچی کو کھانا پکانا ٹھیک سے نہیں آتا تھا لیکن اس گھر کے بڑے بڑے دانا ہوتے تھے۔ وہ ساس صرف ساس نہیں، ایک استاد بن جاتی تھی۔ وہ پیار سے روٹی بنانا سکھاتی، صبر سے سمجھاتی، اگر بہو سے غلطی ہو جاتی تو سب کے سامنے ڈانٹنے کے بجائے اکیلے میں پیار سے سمجھا دیتی۔ وہ کہتی تھی "بیٹی، یہ تیرا ہی گھر ہے"۔ اسی ہنرمندی اور سمجھداری سے وہ پورے گھر کو لے کر چلتی تھی۔ بیٹے کو بھی سمجھاتی، بہو کو بھی اور وہ نسل دیکھیں، ماشاءاللہ آج تک قائم ہے۔ ان کے بچے، بچوں کے بچے سب ایک ساتھ خوش ہیں۔ کیوں؟ کیونکہ وہاں "میں" نہیں، "ہم" تھا۔ وہاں بڑے پن کا مطلب رعب جمانا نہیں بلکہ جھکنا اور جوڑنا تھا۔
اب آج کے دور کو دیکھتے ہیں۔ ہم نکاح سے پہلے کہتے ہیں "ہم بیٹی بنا کر رکھیں گے"لیکن شادی کے ایک مہینے بعد ہی ہمارے رویے بدلنے لگتے ہیں۔ بیٹی کے لیے تو کہتے ہیں "بیٹی تھک گئی ہوگی۔۔۔ آرام کر لو"لیکن بہو کے لیے سوچتے ہیں "یہ تو سارا کام کرے گی"۔ اگر اس کے ہاتھ کے کھانے میں ذرا کمی ہو جائے تو کہہ دیتے ہیں "ہمیں تمہارے ہاتھ کا نہیں کھانا"۔ یہ چھوٹے جملے بہو کے دل پر بہت بڑا زخم لگا تے ہیں اور وہ سوچنے لگتی ہے "یہ میرا گھر نہیں "۔
اسی سے گھر کا ماحول خراب ہوتا ہے، بہو کا دل سسرال سے اچاٹ ہو جاتا ہے اور ہر وقت میکے جانے کو دل کرتا ہے۔ یہیں سے نند بھاوج کے جھگڑے، بدگمانیاں اور جلن شروع ہوتی ہیں اور بڑوں میں ایک سوچ آ گئی ہے کہ "ہم بڑے ہیں۔ ہم جو بھی کریں ٹھیک ہے"۔ بڑے ہونا بے شک قابلِ عزت ہےلیکن بڑے پن کا مطلب انصاف اور توازن ہے۔
آج اسی لیے طلاقیں اتنی بڑھ گئی ہیں کیونکہ ہم نے تربیت والا رشتہ، مقابلے والا رشتہ بنا دیا ہے۔ اگر ساس یہ سوچ لے کہ مجھے اسے سکھانا ہے، اسے اپنانا ہےاور بہو یہ سوچ لے کہ یہ میری ماں کی جگہ ہے، تو گھر جنت بن سکتا ہے۔
آئیے ہم سب مل کر اس سوچ کو واپس لاتے ہیں۔ صرف کہیں نہیں بلکہ کر کے دکھائیں۔ اپنی بہو کو واقعی بیٹی بنا کر رکھیں۔ اسے عزت دیں، سکھائیں، اپنائیت دیں۔ جب آپ اسے اپنا بنائیں گی، وہ آپ کو کبھی ساس نہیں، ماں کہے گی۔ یہی ہمارے پرانے دور کی خوبصورتی تھی، اور یہی ہمارے آج کے دور کی ضرورت ہے۔



































