
کشف زہرا
آج کل ہر کوئی کہتا ہے، میرے پاس سب کچھ ہے۔ پیسہ ہے، موبائل ہے، کپڑے ہیں لیکن پھر بھی سکون نہیں ہے۔ کیوں؟ کیونکہ ہم نے اپنے دماغ کو ایک کباڑ
خانہ بنا لیا ہے۔ اس میں ہر چیز پڑی ہے۔کل کس نے کیا کہا، پرسوں کس نے ان فالو کیا۔ فلاں نے میری اسٹوری کیوں نہیں دیکھی۔ لوگ کیا کہیں گے۔ اتنا کچرا بھر لیں گے تو ذہنی سکون کہاں سے آئے گا؟
ذہنی سکون کی اہمیت کا اندازہ اس بات سے لگائیں کہ اگر آپ کا دماغ پر سکون نہیں ہے تو آپ کے ہاتھ میں دنیا کی سب سے مہنگی بریانی بھی ہو تو وہ بھی کڑوی لگے گی اور اگر ذہن پر سکون ہو تو سوکھی روٹی بھی بریانی لگتی ہے۔ ہم سارا دن جسم کو سکون دینے کے لیے نرم بستر ڈھونڈتے ہیں لیکن دماغ کو سکون دینے کے لیے کچھ نہیں کرتے۔
ذہنی سکون کیوں ضروری ہے؟ اس کے مثبت پوائنٹس:۔۔
فیصلے اچھے ہوتے ہیں: جب دماغ پر سکون ہوتا ہے تو انسان صحیح فیصلہ کرتا ہے۔ غصے میں اور ٹینشن میں کیا ہوا فیصلہ ہمیشہ الٹا ہی پڑتا ہے۔
صحت اچھی رہتی ہے: زیادہ ٹینشن لینے سے نہ نیند آتی ہے، نہ بھوک لگتی ہے، بس سارا دن سر میں درد۔ ذہنی سکون ہوگا تو نیند بھی اچھی آئے گی اور صحت بھی۔
رشتے اچھے رہتے ہیں: جس کا اپنا دماغ خراب ہو، وہ دوسروں کا بھی دماغ خراب کرتا ہے۔ جب آپ پر سکون ہوں گی تو آپ کی باتوں سے بھی سکون ہی نکلے گا۔
اب سوال یہ ہے کہ یہ سکون ملے گا کیسے؟ بہت آسان ہے۔
فنی ٹپ نمبر 1: اپنے دماغ کے دروازے پر ایک چوکیدار بٹھا دیں۔ ہر فضول سوچ کو اندر آنے ہی نہ دیں۔ جیسے ہی سوچ آئے "لوگ کیا کہیں گے"، چوکیدار سے کہیں، بھائی اس کو واپس بھیج دو، یہ ہمارے کام کی نہیں۔
فنی ٹپ نمبر 2: موبائل کو تھوڑا کم استعمال کریں۔ ہم سارا دن دوسروں کی پرفیکٹ زندگی دیکھ کر اپنی زندگی کو ٹینشن میں ڈال دیتے ہیں۔ یاد رکھیں، انسٹاگرام پر سب خوش ہیں، حقیقت میں سب آپ کی طرح ہی سکون ڈھونڈ رہے ہیں۔
تو آخر میں بس اتنا کہوں گی، پیسہ، شہرت، سب کچھ مل جائے گا لیکن ذہنی سکون نہ ہو تو سب بیکار ہے۔ اس لیے روز تھوڑا سا وقت صرف اپنے لیے نکالیں۔ نہ موبائل، نہ کسی کی باتیں، بس آپ اور آپ کا سکون۔




































