
انیلا عمران
یہ دنیا امتحان گاہ ہے ۔ہر انسان کو اس دنیا میں عمل کے لیے ایک مختصر وقت ملا ہے اور اس کے بعد ہر انسان کو اپنی مہلت ختم ہونے کے بعد اس دار فانی
سے کوچ کر جانا ہے لیکن عمل کے اعتبار سے یہاں پر دو قسم کے لوگ ہیں ایک وہ لوگ جن کے بارے میں قرآن فرماتا ہے۔۔۔
"کیا میں بتاؤں کہ عمل کے اعتبار سے سب سے ناکام لوگ کون ہیں وہ جن کی زندگی کی ساری سعی و جہد راہ راست سے ہٹی رہی اور وہ سمجھتے رہے ہم صحیح کر رہے ہیں "اور دوسری قسم ان لوگوں کی ہے جو ان مختصر لمحات میں امر ہو جاتے ہیں۔ تاریخ گواہ ہے کہ انسان فنا ہو جاتے ہیں مگر نظریات اور تحریک امر ہو جاتی ہے۔
ایسے ہی کردار مثال بن جاتے ہیں اور اگلی نسلوں کی رگوں میں خون بن کر دوڑتے ہیں ۔وہ اصحاب کہف ہوں ،اصحاب الاخدود یا حسین اور یہاں تک کہ سقراط بھی اپنے نظریات کی وجہ سے آج بھی زندہ ہے۔ ان کو مارنے والے آج بے نام و نشان ہو چکے اور وہ جنہیں زندان کا قیدی بنایا گیا ،پھانسی کے پھندے جن کا مقدر ہوئے اور جنہیں غدار بنا کر ملک بدر کیا گیا، وہ پوری آب و تاب کے ساتھ تاریخ اور آنے والی نسلوں کی دل کی دھڑکن بن کر آج بھی زندہ ہیں۔دنیا کی پوری طاقتیں مل کر بھی ان نظریات اور تحریکوں کو نہ مٹا سکیں اور قرآن کی اس آیت کے مصادق کہ" بے شک تمہارا دشمن ہی جڑ کٹا ہوگا" کی عبرت ناک مثالیں بن گئے۔
تاریخ کے ان ہی تابناک ستاروں میں مولانا ابو الاعلیٰ مودودی' سید قطب شہید 'حسن البنا اور یوسف القرضاوی کا بھی شمار ہوتا ہے جو کہ ایسی ہی نظریاتی علمی اور تحریکی شخصیات تھیں جن کے نظریات کی روشنی آج تک دنیا کی نظروں کو چکا چوند کر رہی ہے ۔ان شخصیات کا اصل کمال یہ ہے کہ انہوں نے دین کی وہ اصل تصویر پیش کی جہاں انسانوں کو عبد کی بندگی سے نکال کر معبود کی بندگی کا درس دیا جاتا ہے ۔
انہوں نے ہر دور میں حکمرانوں کو یہ تنبہ دی کہ جب کرسی پر بیٹھو تو خدا کے بندے بن کر بیٹھو نہ کہ بندوں کے خدا بن جاؤ ۔یہی وجہ ہے کہ ان شخصیات کو ہر دور میں ظلم جبر اور مخالفت کا سامنا کرنا پڑا اور افسوس تو اس بات کا کہ ان کے مخالفین میں کوئی یہود و نصارٰی نہیں بلکہ ان کے اپنے کلمہ گو بھائی تھے۔ دین کو اس کی اصل شکل میں پیش کرنے کا سہرا انہی لوگوں کے سر ہے اور یہ وہ لوگ ہیں جو صرف گفتار کے غازی نہیں بلکہ کردار کے بھی غازی اور شہید تھے ۔
دنیا ان کے نظریات سے ان کی زندگی میں بھی خوفزدہ تھی اور ان کے مرنے کے بعد بھی ان سے خائف ہے اور بہت سے ممالک میں ان کی کتب پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ اصل میں یہ پابندی کتابوں پر نہیں بلکہ ان کے ان نظریات پر ہے جن سے نہ صرف مغرب بلکہ مفاد پرست مسلمان حکمران خوفزدہ ہیں۔
ان ہستیوں کا یہ قصور تھا کہ انہوں نے عوام کو باشعور بنا کر عملی جدوجہد کی طرف مائل کیا کیونکہ دین اسلام ایک جہد مسلسل کا نام ہے اور مومن اس دنیا میں صرف دین اسلام کی سربلندی کے لیے آیا ہے، اسی لیے اس کی تمام سعی جدوجہد کا مقصد بھی یہی ہونا چاہیے جو کہ مغرب اور مغرب نواز مسلمانوں کو پسند نہیں آتا کیونکہ یہ مغربی استعماریت کی موت ہے ۔در حقیقت یہ وہی نظریات اور دو قومی نظریہ ہے جسے اقبال نے اپنی شاعری میں پیش کیا اور ان کو عملی جامہ پہنانے کا طریقہ ان شخصیات نے عوام تک پہنچایا۔
اپنی ملت پر قیاس اقوام مغرب سے نہ کر
خاص ہے ترکیب میں قوم رسول ہاشمی
یہ انسانیت کی فلاح کا وہ مسودہ ہے جو آج تک کسی بھی بنیادی انسانی حقوق کی تنظیم نے پیش نہیں کیا ۔یہی وجہ ہے کہ ان شخصیات کی زندگی میں بھی ان کے نظریات کو دبانے کی کوشش کی گئی اور ان کے مرنے کے بعد بھی دنیا ان سے اتنی خوف زدہ ہے کہ آج بھی قاہرہ میں اگر کسی سے سید قطب کی قبر کا پوچھو تو وہ خوف زدہ ہو جاتا ہے۔
یہ نظریات ایسی روشن قندیلیں ہیں کہ قبر میں جانے کے باوجود اس نظریے کی روشنی ختم نہ ہو سکی۔ ان کے جسم تو فنا ہو گئے مگر نظریے آج بھی زندہ ہیں اور یہ نظریے فی ظلال القرآن اور تفہیم القرآن کی شکل میں آج بھی ہماری لائبریریوں میں موجود ہیں اور یہ اس بات کی دلیل ہے کہ ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر انسانیت کی فلاح کے لیے کی جانے والی جدوجہد کبھی فنا نہیں ہوتی اور اندھیرا کتنا ہی گہرا کیوں نہ ہو اور روشنی کی چھوٹی سی کرن بھی اس کے وجود کی نفی کرتی ہے اور رہنمائی ڈھونڈنے والے دیوانہ وار اس کی طرف لپکتے ہیں۔
شکوہ شب ظلمت سے کہیں بہتر تھا
اپنے حصے کی کوئی شمع جلاتے جاتے
نوٹ : ایڈیٹر کا بلاگر کے خیالات سے متفق ہونا ضروری نہیں ( ادارہ رنگ نو )



































