
کراچی( تعلیم ڈیسک)کراچی انٹر بورڈ کے تحت گیارہویں اور بارہویں جماعت کے سالانہ امتحانات کا آج سے باقاعدہ آغاز ہو گیا
ہے،چیئرمین انٹر بورڈ کراچی فقیر محمد لاکھو کے مطابق پہلے مرحلے میں پری انجینئرنگ، پری میڈیکل، ہوم اکنامکس اور جنرل گروپس کے امتحانات میں ایک لاکھ 59 ہزار 572 طلبہ و طالبات شریک ہو رہے ہیں۔
امتحانات کے انعقاد کے لیے صبح کے اوقات میں 103 جبکہ شام کے اوقات میں 42 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں، جن میں سے 30 مراکز نجی کالجز میں بنائے گئے ہیں۔ حکام کے مطابق 21 امتحانی مراکز کو حساس قرار دیا گیا ہے۔
امتحانی عمل کی نگرانی کیلئے 27 خصوصی نگرانی کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں۔ ناظم امتحانات کے مطابق اس سال حاضری کیلئے جدید نظام متعارف کرایا گیا ہے، جس کے ذریعے امتحانی عمل کی مؤثر نگرانی کی جائے گی، پرچوں کی ترسیل سے تقسیم تک تصویری ریکارڈ لازمی قرار دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی بے ضابطگی کو روکا جا سکے۔
حکام کا کہنا ہے کہ بجلی کی بلا تعطل فراہمی کیلئے کے الیکٹرک کو خطوط ارسال کیے گئے ہیں۔ مزید برآں امتحانی مراکز کے اطراف میں دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے فوٹو اسٹیٹ کی دکانوں پر پابندی عائد کی گئی ہےجبکہ غیر متعلقہ افراد کے داخلے پر مکمل پابندی ہوگی۔




































