
بنتِ اسماعیل
دنیا بھر میں بچوں کا عالمی دن منایا جا تا ہے۔ کہیں بچوں کے حقوق کی بات ہوتی ہے، کہیں ان کی تعلیم و صحت کے لیے آوازیں بلند کی جاتی ہیں مگر ایک
اہم سوال یہ ہے کہ کیا ہم نے ان کی اخلاقی، فکری اور دینی تربیت کو بھی اتنی ہی اہمیت دی ہے؟ جن بچوں کے ہاتھوں میں ہم مستقبل کی باگ ڈور تھمانا چاہتے ہیں، ان کی کردار سازی کے لئے آج ہم کیا کر رہے ہیں؟
اسلام نے اولاد کو محض والدین کی خوشی نہیں بلکہ ایک عظیم امانت قرار دیا ہے۔ والدین اپنی اولاد کی دینی و اخلاقی تربیت کے بھی ذمہ دار ہیں۔ذرا سوچیے! کیا بچوں کو بہترین لباس، عمدہ خوراک اور اعلیٰ تعلیم فراہم کرنا ہی والدین کی ذمہ داری ہے؟ یقیناً نہیں! انہیں سچائی، دیانت، حیا، صبر اور اللہ تعالیٰ کی اطاعت کا درس دینا بھی ضروری ہے۔
ماں کی گود بچے کی پہلی درس گاہ ہے اور اس کا کردار پہلی کتاب۔ بچہ اپنے والدین کے لہجے، رویّے اور معمولات سے بہت کچھ سیکھتا ہے۔ ماں کی عملی زندگی اور باپ کا طرزِ عمل بچے کی شخصیت سازی میں گہرا اثر رکھتے ہیں۔
قرآنِ مجید میں حضرت لقمان علیہ السلام کی اپنے بیٹے کو کی گئی نصیحتیں تربیتِ اولاد کا بہترین نمونہ ہیں۔ انہوں نے شرک سے بچنے، نماز قائم کرنے، نیکی کا حکم دینے، برائی سے روکنے اور تکبر سے اجتناب کی نصیحت کی۔گویا اسلامی تربیت کا مقصد صرف دنیاوی کامیابی نہیں بلکہ ایک باکردار اور اللہ سے تعلق رکھنے والا انسان بنانا ہے۔
آج ہمارے معاشرے کا المیہ ہے کہ ہم بچوں کی خواہشات پوری کرنے میں تو پیش پیش ہیں، مگر ان کی تربیت کے لئے وقت نہیں نکالتے۔ موبائل فون اور سوشل میڈیا نے ان کی معصوم دنیا پر گہرے اثرات مرتب کیے ہیں، جبکہ والدین کی مصروفیات انہیں تربیت کے لئے مطلوبہ وقت نہیں دے پاتیں۔
یاد رکھیے! قوموں کی اصل قوت بلند عمارتیں اور جدید ٹیکنالوجی نہیں بلکہ ان کی باکردار، باصلاحیت اور ذمہ دار نسل ہوتی ہے۔ اگر ہم ایک مضبوط اسلامی معاشرہ چاہتے ہیں تو نئی نسل کی تعلیم کے ساتھ اس کی تربیت پر بھی توجہ دینا ہوگی۔
بچوں کا عالمی دن محض تقریبات منانے کا دن نہیں، بلکہ اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرنے کا موقع ہے۔ آئیے! عہد کریں کہ ہم اپنی اولاد کو صرف دنیا میں کامیاب ہونے کا ہنر نہیں سکھائیں گے، بلکہ انہیں اچھا انسان، سچا مسلمان اور معاشرے کا ذمہ دار فرد بھی بنائیں گے۔
کیونکہ آج ہماری گود میں پلنے والا بچہ ہی کل ہمارے معاشرے کی تصویر ہوگا۔ سوال یہ نہیں کہ ہم اپنے بچوں کے لئے کتنی دولت چھوڑ کر جائیں گے۔اصل سوال یہ ہے کہ ہم ان کے لئے کیسا کردار اور کیسی نسل چھوڑ کر جائیں گے؟



































